منتخب وزیر اعطم سے استعفے کا مطالبہ عوامی مینڈیٹ کی توہین ہے : شہباز شریف

منتخب وزیر اعطم سے استعفے کا مطالبہ عوامی مینڈیٹ کی توہین ہے : شہباز شریف
منتخب وزیر اعطم سے استعفے کا مطالبہ عوامی مینڈیٹ کی توہین ہے : شہباز شریف

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(جنرل رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب محمدشہباز شریف نے کہاہے کہ سیاست عوام کی بے لوث خدمت کا نام ہے اور عوام کی خدمت میں جو اطمینان او رسکون ملتاہے، اس کا اندازہ الزام تراشیاں کرنے والے عناصر کبھی کر ہی نہیں سکتے، نیازی صاحب !کھیل کے میدان اور سیاست میں زمین آسمان کا فرق ہے آپ نے کھیل میں تو نام کمایا ہے لیکن سیاست میں نام گنوایا ہے اور سیاست کے ذریعے عوام کی بے لوث خدمت کرناآپ کے بس کی بات نہیں۔ اوزیراعلی محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار منتخب نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہاکہ عمران خان نے گزشتہ4برس کے دوران صرف جھوٹ اور انتشار پھیلایا ہے اور پاکستان میں گالم گلوچ، منافقت اور غیر جمہوری رویوں کو فروغ دیا ہے۔انہوں نے کہاکہ غریب قوم کے اربوں روپے بچانے والی قیادت پر بے بنیادا لزام تراشیاں کرنے والوں کو شرم آنی چا ہیے اوربے بنیاد الزامات لگانے والوں کو پہلے اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں پاکستان کی تقدیر بدلنے جا رہی ہے تو مخالفین کو تکلیف ہو رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ عوام کے منتخب وزیر اعظم سے استعفیٰ کا مطالبہ کرنیوالے عوامی مینڈیٹ کی توہین کر رہے ہیں۔دھرنے، لاک ڈاؤن اور احتجاج کے ذریعے منصوبوں میں تاخیر کرنے والوں نے قوم سے بڑی زیادتی کی ہے اور پاکستان کی معیشت کو تباہ وبرباد کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ۔انہوں نے کہاکہ ملک کی ترقی کا راستہ روکنے والوں کے چہرے قوم کے سامنے بے نقاب ہو چکے ہیں اور با شعور عوام نے انہیں بار بار مسترد کیا ہے، اب یہ عناصر مایوسی کا شکار ہیں۔وزیراعلی نے کہاکہ احتجاج ان کا مقدر ہے ، عوام کی خدمت ہمارا نصب العین ہے اورمخالفین احتجاج کرتے رہیں، ہم پاکستان کی ترقی وخوشحالی کے سفرکو آگے بڑھاتے جائیں گے۔انہوں نے کہاہے کہ پیپلز پارٹی کی سابق حکومت نے توانائی منصوبوں میں مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کیااورقوم کو لوڈشیڈنگ کا عذاب دینے والے سابق حکمرانوں نے اپنے دور میں اس مسئلے کو حل کرنے کیلئے کوئی عملی کام نہیں کیایہی وجہ ہے کہ توانائی بحران آج بھی موجود ہے۔ انہوں نے کہاکہ سابق حکمران کرپشن اور لوٹ مار کی بجائے توانائی بحران کے خاتمے پر توجہ دیتے تو ملک آج اندھیروں میں نہ ہوتا۔ جب اللہ تعالیٰ نے انہیں عوام کی خدمت کا موقع دیا تو یہ قومی خزانے پر ہاتھ صاف کرتے ر ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی شبانہ روز محنت رنگ لا رہی ہے۔وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں معیشت مضبوط ہوئی ہے۔زرِمبادلہ کے ذخائر ملکی تاریخ کے ریکارڈ سطح پر پہنچ چکے ہیں۔ سی پیک سے روزگار کے لاکھوں نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان بدل رہاہے اور مثبت تبدیلی آرہی ہے ۔وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں ملک سے اندھیرے دور کریں گے۔دریں اثناء پارٹی وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا کہ محنت کش کا معیشت میں کردار ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اورمحنت کش کو بااختیاربنائے بغیر ترقی کے اہداف حاصل نہیں کئے جا سکتے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے محنت کشوں کی فلاح وبہبود کے لئے جوبے مثال اقدامات کئے ہیں ،اس کی نظیر نہیں ملتی اور محنت کشوں کیلئے فلاحی اقدامات کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گاکیونکہ محنت کش خوشحال ہوگا تو پاکستان خوشحال ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں مسلم لیگ(ن) کی حکومت مزدوروں کی حالت زار کو بہتر بنانے کیلئے پرعزم ہے اور محنت کش طبقے کی حالت بہتر بنانے کیلئے بھرپور توجہ دے رہی ہے اورمحنت کشوں کی خوشحالی کے لئے بے مثال اقدامات کرکے حکومت نے مزدور کو اس کاحق دیاہے۔
شہبازشریف

مزید :

صفحہ اول -