بلوچ نوجوانوں کو غاروں میں بھیجنے کے ذمہ دار مشرف زرداری اور نواز شریف ہیں ، سراج الحق

بلوچ نوجوانوں کو غاروں میں بھیجنے کے ذمہ دار مشرف زرداری اور نواز شریف ہیں ، ...

 گوادر ( آن لائن) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہاہے بلوچستان کی زمین ، پہاڑوں ، سمندر اور وسائل پر بلوچستان کے عوام کا حق ہے جسے کوئی چھین نہیں سکتا۔ گوادر پر کوئی باہر سے آ کر قابض نہیں ہوسکتا ہم اپنے سمندر کے پانی کا ایک قطرہ بھی کسی کو دینے کیلئے تیار نہیں ۔ سی پیک کی حمایت کرتے ہیں ، مگر گوادرکی زمین گوادر والوں کے پاس رہے گی ۔ بلوچستان کے عوام محب وطن ہیں آج اگر ان کی آ نکھوں میں نفرت اور چہرے پر غضب ہے تو وہ ان محرومیوں کا ردعمل ہے جو حکمرانوں کی غلط پالیسیوں اور وعدہ خلافیوں کی وجہ سے انکا مقدر بنا دی گئی ہیں ۔گوادر سے پسنی اور جیوانی تک ایک ہزار کلو میٹر کے ساحل سمندر پر بسنے والے لاکھوں ماہی گیر پاکستان کے شہری ہیں ۔ بلوچستان وسائل سے مالا مال صوبہ ہے جس میں بیش قیمت معدنیات، سونے و تانبے کے ذخائر ہیں ۔ محنتی نوجوان اگر غاروں اور پہاڑوں پر گئے ہیں تو اسکے ذمہ دار مشرف ، زرداری اور اب نوازشریف ہیں ۔ بلوچستان کی پسماندگی و بے انتہا غربت حکمرانوں کے تحفے ہیں ۔ ماہی گیروں کو حقیر سمجھ کر ان کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے والوں کو گریبانوں سے پکڑیں گے ۔گزشتہ روز یوم مئی کے حوالے سے فش ہاربر گوادر میں منعقدہ ماہی گیروں کے اجتماع سے خطاب میں انہوں نے ملک بھر میں ماہی گیر بچاؤ تحریک شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاجماعت اسلامی ملک میں کسانوں ، مزدوروں اور پسے ہوئے عوام کے حقوق کی جنگ لڑ رہی ہے ، اسلام آباد کے محلوں میں بیٹھے ظالم حکمران عوام کے لیے عذاب بنے ہوئے ہیں ۔انہوں نے حکمرانوں کو متنبہ کیاکہ جماعت اسلامی کسی صورت بھی گوادر کی اکثریتی مقامی آباد ی کو اقلیت میں بدلنے کی اجازت نہیں دے گی ۔ حکمرانوں نے بلوچستان کے عوام کیساتھ قائداعظم کے کیے ایک وعدے کو بھی پورانہیں کیا ۔ حکمران فرعون کے انجام کو یاد رکھیں ،ایک طرف گوادر علاقے کی ترقی و خوشحالی کا گیٹ وے بن رہاہے ، دوسری طرف یہاں کے لوگ پینے کے صاف پانی سے محروم اور بچے بغیر چھت کے سکولوں اور ٹینٹوں میں بیٹھ کر تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں ۔ ورکشاپوں ، ہوٹلوں اور کھیتوں میں کام کرنے والے لاکھوں غیر رجسٹرڈ مزدوروں کی فلاح و بہبود کیلئے حکمرانوں کے پاس کوئی پروگرام اور منصوبہ نہیں ۔

مزید : صفحہ آخر