بلدیاتی نظام کی مضبوطی کیلئے عدالت جائینگے :فاروق ستار کا اعلان
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک )متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے کہا ہے بلدیاتی انتخابات صوبائی حکومتوں نہیں سپریم کورٹ نے کرائے، مردم شماری بھی وفاق نے عدالت عظمیٰ کے کہنے پر کرائی،اسوقت ملک میں اگر کوئی بڑے فیصلے کررہا ہے تو عدلیہ ہے۔ گزشتہ روزلاہور میں ورکرز کے اجلاس سے خطاب میں انہوں نے بلدیاتی نظام کو مضبوط بنانے کیلئے سپریم کورٹ یا ہائیکورٹ جانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا عمران خان کی بلدیاتی نمائندوں کے اختیارات پر حمایت کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ ہماری تحریک کا مقصد ہی عوام اور بلدیاتی اداروں کو بااختیار بنانا ہے،یہ کمزور ہوں گے تو جمہوریت اور پاکستان کا کوئی مستقبل نہیں، لاہور کے میئر کو بھی ہم اختیارات دلائیں گے۔ ایم کیو ایم کا ووٹ بینک تقسیم نہیں ہوا،ملک میں تبدیلی صرف ہمارے پلیٹ فارم سے ہی آئے گی ، پہلے ہم کراچی سے قومی اسمبلی کی 17 سیٹیں جیتتے تھے اب 18 جیتیں گے۔ اس موقع پر وزیراعظم نوازشریف کو مشورہ دیتے ہوئے کہا وہ ایسے اقدام کریں کہ اداروں کے تصادم کاتاثر زائل ہوجائے۔ پنجاب میں امیر اور غریب کے فرق میں اضافہ ہوا ہے،یہاں کے محروم و مظلوم عوام کو یقین دلاتے ہیں ہماری پالیسی دوستی پر مبنی ہے،ہم فرسودہ اور وڈیرانہ نظام کا خاتمہ چاہتے ہیں،نامساعد حالات کے باوجود جو کارکنان ڈٹے رہے انھیں مبارکباد پیش کرتا ہو ، یکم مئی ہے اور مزدوروں یعنی محروموں، محکوموں اور مظلوموں کا دن ہے اور ایم کیو ایم پاکستان ہمیشہ ان کے حقوق کیلئے آواز بلند کرتی رہے گی۔
فاروق ستار