2025تک پاکستان میں یورپ جیسا معاشی استحکام آجائے گا،عطا الحق قاسمی
لاہور(فلم رپورٹر) پاکستان ٹیلی ویژن لاہور سینٹر میں مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر پی ٹی وی سینٹرل ایمپلائز یونین نے ایک تقریب کا اہتمام کیا جس کے مہمان خصوصی معروف شاعروکالم نگار اور پی ٹی وی کے چیئرمین عطا الحق قاسمی تھے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عطاالحق قاسمی نے عالمی اعشاریوں کی روشنی میں خوشخبری دی کہ اگر پاکستان کی معاشی ترقی کا سفر اسی رفتار سے جاری رہا تو 2025تک پاکستان میں یورپی ممالک جیسا معاشی استحکام آجائے گا ۔انہوں نے کہا جب ملک ترقی کرتا ہے تو اس کے ثمرات عوام اورمزدوروں تک بھی پہنچتے ہیں ۔ انہوں نے تقریب میں موجود سی بی اے یونین اور پی ٹی وی کے ورکرز کو یقین دلایا کہ ان کے مطالبات کے حل کیلئے بھرپور کوشش کی جائے گی ۔پی ٹی وی کے ڈائریکٹر سپیشل اسائینمنٹ اور جنرل منیجر لاہوربشارت خان نے کہا کہ ملازمین کسی بھی ادارے کا سب سے قیمتی سرمایہ ہوتے ہیں ۔یونین کے مرکزی صدر جہانگیر خان نے خطاب کرتے ہوئے شکاگو کے شہیدوں کو خراجِ تحسین پیش کیا جنہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے مزدوروں کیلئے 20 کی بجائے آٹھ گھنٹے ڈیوٹی کا مطالبہ تسلیم کروایا ۔انہوں نے چیئرمین پی ٹی وی سے مطالبہ کیا کہ ادارے میں جلد از جلد مستقل ایم ڈی کا تقرر کیا جائے تاکہ عرصہ دراز سے تاخیر کے شکار مسائل کا حل ممکن ہو سکے ۔ انہوں نے کہا کہ میڈیکل اورملازمین کے دیگر واجبات کی ادائیگیوں کو فوری طور پر یقینی بنایا جائے ۔سی بی اے یونین کے رہنما جمیل قادری،اکمل علی چوہدری، الیکٹرونک میڈیا پروڈیوسرز ایسوسی ایشن کے صدر قیصر شریف اورشبیر احمد کھرل نے بھی خطاب کیا ۔تقریب میں پروگرام منیجر افتخار ورک، ایگزیکٹو ڈیزائن منیجر ملک اعظم ،سنیئر نیوز ایڈیٹر فیاض احمد وڑائچ ،آفیسر تعلقات عامہ محمد کاملین خاں اور دیگر شعبہ جات کے سربراہان کے علاوہ پاکستان ٹیلی ویژن کے ریٹائرڈ اور حاضر سروس ملازمین نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔
عطا الحق قاسمی