حکومت پانامہ اور ڈان لیکس پر حواس باختہ ہو چکی ہے:راجہ پرویز اشرف

حکومت پانامہ اور ڈان لیکس پر حواس باختہ ہو چکی ہے:راجہ پرویز اشرف

اسلام آباد(آن لائن )پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی راہنما اور سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت پانامہ لیکس اور ڈان لیکس پر حواس باختہ ہو چکی ہے ہم پر بے جا تنقید کرنے والے آج ایسی بند گلی میں داخل ہو چکے ہیں جہاں سے نکلنے کا کوئی راستہ باقی نہیں رہا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے تربیلہ غازی میں آن لائن سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ہمارے دور حکومت میں ایک مخصوص طبقہ نے ہماری کردار کشی کے لیے ہر حربہ استعمال کیا مگر آج وقت نے ثابت کیا کہ امیرالمومنین بننے والوں کا اپناچہرہ کتناداغ دار تھا وہ آج میڈیا کا سامنا کر سکتے ہیں نہ عدلیہ کا سامنا کرنے کی سکت رکھتے ہیں۔ وہ وقت دور نہیں جب انصاف کا بول بالاہو گا ۔ آج بچے بچے کی زبان پر گونواز گو کا نعرہ بلند ہے۔ "شرم مگر تم کون نہیں آتی" کہ آج حکومتی وزراء چیخ چیخ کر پانامہ کیس اور ڈان لیکس کے متعلق غلط بیانی سے کام لے رہے ہیں۔ ہم پر تنقید کرنے والے بتائیں کہ ملک میں کتنے گھنٹے لوڈ شیڈنگ ہورہی ہے اور آج کیوں کوئی پنکھی لے کر مینار پاکستان کے نیچے خیمہ زن نہیں ہو رہا ۔انہوں نے کہا کہ ڈان لیکس کا معاملہ انتہائی حساس نوعیت اختیار کرتا جا رہا ہے۔ یہ ملک کی سلامتی اور بقا کا مسئلہ ہے۔ اس سلسلے میں اصل اور غیر جانبدارانہ تحقیقات عوام کے سامنے لائی جائیں اور اس میں ملوث اصل کرداروں کو بے نقاب کرکے قرار واقعی سزاء دی جائے تاکہ آئندہ کوئی بھی ملکی سلامتی کے لیے سکیورٹی رسک نہ بن سکے۔

مزید : صفحہ آخر