ملتان لودھراں ، خانیوال میں گندم خریداری کا آغاز 17,13اور 9مراکز مکمل فعال

ملتان لودھراں ، خانیوال میں گندم خریداری کا آغاز 17,13اور 9مراکز مکمل فعال

 ملتان ‘ وہاڑی ‘ لڈن ‘ کہروڑ پکا ‘ خانیوال ‘ ٹھٹھہ صادق آباد ‘ ساہوکا ‘ بھاگل ‘ احمد پور شرقیہ ‘ رحیم یارخان ‘ خان پور ‘ ترنڈہ محمد پناہ ‘ صادق آباد ( سپیشل رپورٹر ‘ نمائندہ خصوصی ‘ نمائندگان ) محکمہ خوراک ملتان ڈویژن کی طرف سے 3 اضلاع میں گندم (بقیہ نمبر35صفحہ12پر )

خریداری کا باضابطہ آغاز ہوگیا ۔ ملتان سے نمائندہ خصوصی کے مطابق محکمہ خوراک ملتان ڈویثر ن کی جانب سے ڈویثرن کے تین اضلاع میں سرکاری سطح پر گندم خریداری کا آغاز ،ضلع وہاڑی میں گندم کی خریداری شروع نہ ہوسکی ۔ گزشتہ روز ملتان کے 17ضلع خانیوال کے 13جبکہ ضلع لودھر اں کے 9گندم خریداری مراکز کے ذریعے کسانوں سے 13سو روپے فی چالیس کلو گرام گندم خریداری کی گئی ۔گندم خریداری کے پہلے روز خریداری مراکز پررش بہت کم رہا جبکہ بیشتر مراکز پران لوڈنگ کیلئے لیبر کی کمی کے باعث بھی خریداری کا سلسلہ متاثر ہوا ۔ محکمہ خوراک ملتان ڈویثرن کے جاری کردہ اعداد وشمار کے مطابق ڈویثرن بھر کے اضلاع میں 19لاکھ 10ہزار 337بوری باردانہ جبکہ 14ہزار 913میٹرک ٹن گندم خرید کرلی گئی ہے ۔اس ضمن میں ضلع ملتان میں گزشتہ روز تک کسانوں کو پانچ لاکھ 29ہزار 696بوری ،لودھراں میں تین لاکھ72ہزار174بوری ،وہاڑی میں چار لاکھ66ہزار 393بوری جبکہ ضلع خانیوال میں پانچ لاکھ 42ہزار 114بوری باردانہ تقسیم کیا گیا ہے جو مجموعی ہدف کا 28فیصد بنتاہے ۔ دریں اثناء محکمہ مال ملتان کے ریونیو افسران اور فیلڈ سٹاف نے گندم خریداری سنٹر پر ڈیوٹیاں سنبھال لیں یہ سٹاف 20 دن سے زائد عرصہ تک گنم خریداری سنٹر پر تعینات رہے گا اس دوران ریونیو افسران اور فیلڈ سٹاف کمپیوٹر سنٹر پر حاضر نہیں ہوگا جس کیوجہ سے لینڈ ریکارڈ کی کمپیوٹرائزیشن کا عمل 20 روز تک معطل رہے گا۔ وہاڑی سے بیورو رپورٹ ‘ نامہ نگار کے مطابق پا سکو گندم خرید سنٹر اڈا شاہ جیند میں سنٹر انچارج کی مبینہ ملی بھگت سے باردانہ کی غیر منصفانہ تقسیم پر کسان سراپا احتجاج ، متا ثرہ کسانوں کاشتکاروں اکبر علی ، سردار علی ، دلبر حسین ، محمد یوسف، محمد یونس ودیگر نے کہا کہ سنٹر انچارج بااثر ہے اور اپنے چہیتے بیوپاریوں کو نوا زرہا ہے‘وزیر اعلیٰ پنجاب فوری انصاف فراہم کریں۔ لڈن سے نمائندہ پاکستان کے مطابق ڈی سی او وہاڑی علی اکبر بھٹی کا پاسکو سنٹر لڈن کا وزٹ،وزیر اعلیٰ پنجاب کی لڈن متوقع آمد کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لیا جبکہ کسانوں سے باردانہ کی تقسیم کے مطلق جانکاری حاصل کی اور پاسکو سنٹر لڈن پر کسانوں کی سہولیات کا جائزہ بھی لیا،اس موقع پرپاکستان کسان اتحاد لڈن کے سر پرست اعلیٰ مہر شہادت علی سیال،صدر مختیار احمد پٹھان،ظہور احمد دولتانہ و دیگر کئی پاکستان کسان اتحاد لڈن کے نمائندے بھی موجود تھے۔ کہروڑ پکا سے تحصیل رپورٹر کے مطابق پاسکو سنٹرز پر کاشتکاروں کو میرٹ پر باردانہ کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔حکومت کاشتکاروں سے گندم کا دانہ دانہ خرید کرے گی۔پاسکو سنٹرز سے کاشتکاروں کو باردانہ کی فر اہمی کا عمل مزید 2ہفتوں تک جاری رہے گا ۔یہ بات جنرل منیجر پاسکو (آڈٹ) سید اقبال رضوی نے کہی ۔وہ گزشتہ روز پاسکو سنٹر علی پور کانجو ،سنٹر بیلہ واگہ کے اچانک دورہ کے موقع پر وہاں موجود کاشتکاروں سے گفتگو کر رہے تھے ۔زونل ہیڈ سجاد حسین کھچی،پراجیکٹ منیجر ثناء اللہ میمن ،سنٹر انچارج چوہدری جاوید بھی اس موقع پر موجود تھے۔ خانیوال سے نمائندہ پاکستان ‘بیورو نیوز کے مطابق ڈپٹی کمشنر مظفر خان سیال نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کے احکامات کے مطابق ضلع خانیوال میں کاشت کاروں سے گندم 1300روپے فی من کے حساب سے خریدی جا رہی ہے ۔حکومت پنجاب کسانوں کو انکی محنت کا صلہ با عزت طریقہ سے ادا کرنے کے لیے گندم کے آخری دانہ تک خریداری جاری رکھے گی۔ گندم خریداری مراکز کے اندر اور باہر بیوپاریوں اور مڈل مینوں کا کردارمکمل طور پر ختم کر دیا گیا ہے اور صرف میرٹ پر باردانہ کا اجراء 100 فیصد صاف اور شفاف طریقہ سے کیا جا رہا ہے ۔ انہو ں نے یہ بات گندم خریداری مراکز بٹہ کوٹ ، سردارپوراور سالار وہن کے اچانک معائنہ کے دوران کہی۔ جبکہ سنٹر انچارج ارشد قریشی ، عبدالرزاق ناصر نے کاشتکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فوری ان لوڈنگ کرکے بذریعہ بنک پے منٹ بھی فوری طور پر کی جاتی ہے کاشتکاروں کے لیے سنٹروں پر ٹھنڈا ،سایہ اور بیٹھنے کے لیے کرسیوں کا انتظام ہے ۔انہوں نے کاشتکاروں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ صاف ستھری گندم لے کر سنٹرز پر آئیں۔ دریں اثناء ڈپٹی کمشنر مظفر خان سیال کی زیر نگرانی ضلع خانیوال کے 14 گندم خریداری مراکز پر گندم کی خریداری کے لیے باردانہ کا اجراء اور گندم خریداری کا عمل تیز ی کے ساتھ جاری ہے اور سرکاری افسران گندم خریداری مراکز کے اچانک معائنہ جات کر رہے ہیں۔ ٹھٹھہ صادق آباد سے نمائندہ پاکستان کے مطابق محکمہ خوراک خانیوال کی طرف سے فوڈ سنٹر ٹھٹھہ صادق آباد پر باردانہ کی تقسیم کا سلسلہ جاری ہے،جبکہ فوڈ سنٹر ٹھٹھہ صادق آباد کی طرف سے کسانوں سے گندم خریداری کا سلسلہ شروع کرتے ہوئے گندم کی ان لوڈنگ بھی شروع کردی گئی ہے،گزشتہ روز گندم خریداری اور ان لوڈنگ شروع کرنے سے قبل دعائے خیر مانگی گئی،فوڈ انسپکٹر راجہ تصور علی ،فوڈ سپر وائزر عبدالرشید نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا کہ کسانوں سے 1300روپے فی من کے حساب سے گندم خریدی جائے گی،فوڈ سنٹر ٹھٹھہ صادق آباد پر کسانوں سے ایک لاکھ 20ہزار بوری گندم خریدی جائے گی۔ ساہوکا سے نمائندہ پاکستان کے مطابق باردانہ کی تقسیم انتہائی شفاف طریقے سے ہورہی ہے،گندم خریداری مراکز پر کاشتکاروں کو ہر ممکن سہولتیں ترجیحی بنیادوں پر فراہم کی جارہی ہیں۔مشتاق شاہد ڈی جی ایم پاسکو وہاڑی،ڈی جی ایم پاسکو وہاڑی مشتاق شاہد نے پروجیکٹ منیجرخالد مسعود،ضلعی صدر کسان اتحاد ملک ذوالفقار کے ہمراہ پاسکو سنٹر جملیرا کا دورہ کیا اور باردانہ کی تقسیم اور کسانوں کو دی گئی سہولیات کا جائزہ لیا۔ضلعی صدر کسان اتحاد وہاڑی ملک ذوالفقار نے کہاکہ وہ کسی کسان کے ساتھ کوئی زیادتی برداشت نہیں کریں گے۔ بھاگل سے نمائندہ خصوصی کے مطابق عوام کوریلیف فراہم کرناہمارے فرائض میں شامل ہے گندم کا دانہ دانہ کسانوں سے خریدیں گے ان خیالات کا اظہار ملک شوکت حیات بوسن وفاقی وزیر خوراک پاکستان نے لالہ زار پاسکوسنٹرلالہ زار پر معائنے کے دوران کسانوں کے اجتماع میں کیا انھوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ کسان خوشحال ہو اور پاکستان کی ترقی میں معاون ثابت ہو انشاء اللہ عوام کی خدمت کرنا ہمارا شیوہ ہے ہماری بد قسمتی ہے کہ ہمیں سابق حکومتوں نے کافی مسائل ورثے میں دئیے جن سے ہم آج تک نمٹ رہے ہیں مگر مسائل کو حل کرنا بھی ہمارے ذمہ ہے ہم انشاء اللہ عوام کی توقعات پر پورا اتریں گے اس موقع پر عوام نے مطالبہ کیا کہ پاسکوسنٹروں پر باردانہ میں اضافہ کیا جائے تاکہ کسان اپنی کاشت شدہ فصل کی ٹھیک قیمت وصول کر سکے۔اس موقع پر ممبر قومی اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری سید ثقلین شاہ بخاری ، ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری اشفاق احمد ، چئیرمین یونین کونسل چوک اعظم چوہدری جاوید اختر جٹ سنگھیڑا ، چوہدری پرویز احمد ، چوہدری محمد عالم اعوان ، ملک حاجی ظہیر احمد بھٹی ، ملک راقب بھٹی ، چوہدری طارق باجوہ نمائندہ ایم این اے ، چوہدری فیاض حسین بلگن ، چوہدری لیاقت علی للی ( نمائندگان ایم پی اے ) انچارج ملک خادم حسین چنڈی ، کوارڈینیٹر چوہدری قمر عباس ، چوہدری عارف ڈھلوں و دیگر معززین علاقہ کی کثیر تعداداور ملازمین پاسکو موجود تھے ملک شوکت حسین بوسن کے ہمراہ ایم این اے سید ثقلین شاہ بخاری ، ایڈیشنل سیکرٹری ملک محمد خان کچھی ، ملک احتشام حسین خان ٹوانہ جنرل مینجر فیلڈ پاسکولیہ و دیگر آفیسران ساتھ تھے۔ احمد پور شرقیہ سے نامہ نگار کے مطابق سر کا ر ی سطح پر گند م کی خریداری شروع ہونے کے با وجود مارکیٹ میں گند م کے نرخوں میں اضافہ نہ ہوسکاہے۔ اور زمیند ار تیر ہ سوروپے کی بجائے ساڑھے گیا رہ سوروپے فی من گندم فروخت کر نے پر مجبور ہیں ۔ زمیند ارحشمت علی ، دلبرحسین ، محمدشفیع ، او رملک نتھونے بتا یا کہ اس سال گند م کی فی ایکڑ پید ا وار زیاد ہ ہے ۔ جبکہ سرکاری سطح پر فی ایکڑ کے لئے صرف دس بوری دی جار ہی ہے۔ باقی ماند ہ گندم ہم مجبوراً کھلی مارکیٹ میں کم نرخوں پر فروخت کرنے پر مجبور ہیں۔ رحیم یار خان ‘ خان پور سے بیورو رپورٹ ‘ نمائندہ خصوصی کے مطابق صوبائی وزیر امداد باہمی ملک اقبال چنڑ نے کہا ہے کہ صوبہ بھر میں گندم خریداری مہم کا آغاز کر تے ہوئے باردانہ کی تقسیم جاری ہے، کاشتکاروں کی سہولت کے لئے تمام گندم خریداری مراکز پر بہترین انتظامات کئے گئے ہیں تاکہ وہ بغیر کسی مشکل کے باردانہ حاصل کر سکیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع رحیم یار خان کے مختلف گندم خریداری مراکز کے معائنہ پر کاشتکاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو)جمیل احمد جمیل، اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر عدنان خان بھٹانی، ڈی ایف سی میاں محبوب اختر سمیت دیگر ان کے ہمراہ تھے۔ صوبائی وزیر کوآپریٹیو بنک ملک محمد اقبال چنڑ نے ضلع رحیم یار خان کے 20فوڈسنٹرز کا تفصیلی دورہ کیا اور وہاں کاشتکاروں کیلئے پنجاب حکومت کی جانب سے کئے جانیوالے انتظامات کو چیک کیا اور انہیں تسلی بخش قراردیا۔ ترنڈہ محمد پناہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق ڈ ی ایف سی رحیمیارخان میاں محبوب اختر نے ترنڈہ محمد پنا ہ ٹھل حمزہ اللہ آبا د چانجنی فوڈ سینٹر ز پر اچانک وزٹ کے دوران فوڈز سنٹرز پر زمینداروں کو سہولیات فراہم کرنے پر فوڈانسپکٹرز کو شاباش دی اس موقع پر صابر حسین چوہدری جام غلا م عبا س رئیس ساجد اقبال رانا ناصر عباس طارق رشید رئیس شاہد اقبال رئیس وزیر احمد محمد سر فراز وڑائچ فرحا ن اشرف ساجد خان گبول رئیس قمر اقبا ل عادل ضمیر باجوہ رانا ہاروں عباس محمد شعیب ہا شمی ریا ض حسین صدیقی ملک محمد اختر کھوکھر سید شاہد اقبا ل گیلا نی ڈاکٹر شاہد الیا س فہد سعید خان گبول سید احمد حسن دیگر زمیندار موجود تھے۔ صادق آباد سے نمائندہ پاکستان کے مطابق صوبائی وزیر چوہدری شفیق نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق حکومت پنجاب نے گندم خریداری مہم کو صاف شفاف بنانے اور کسانوں و کاشت کاروں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے خصوصی اقدامات کیے ہیں۔ پنجاب حکومت اپنی شفاف پالیسیوں کے باعث کسانوں کی معاشی حالت بہتر بنانے میں اپنا کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔

مزید : ملتان صفحہ آخر