عوام کے حقوق کے لئے ہر فورم پر آواز بلند کرنا مشن ہے :محب اللہ خان
پشاور( سٹاف رپورٹر ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے لائیو سٹاک و ماہی پروری محب اﷲ خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت صوبے کو تعمیر و ترقی پر گامزن کرنے ، بہتر طرز حکمرانی کو یقینی بنانے ، کرپشن کا خاتمہ کرنے ، میرٹ اور قانون کا بالادتی قائم کرنے کے لئے ٹھوس اور عملی اقدمات کر رہی ہے ، سوات کی تعمیر و ترقی اور پی کی 83میں اربوں روپے سے زائد ترقیاتی منصوبے مکمل ہو رہے ہیں جن کی تکمیل سے دورس نتائج سامنے آئیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوات تحصیل کبل کے یونین کونسل ہزارہ میں ایک شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) اور دیگر سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے جن میں اسماعیل ، گل شیر ، عمران خان ، فیاض خان ، گل زمین ، علی رحمان ، عمرعلی ، اقبال حسین ، بخت کریم اور گل شاد نے اپنے اپنے سیاسی پارٹیوس سے مستعفی ہو کر پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا ۔ تقریب سے پی ٹی آئی کے سینئر نائب صدر سعید خان ، ملک کبیر اور دیگر معززین نے بھی خطاب کیا ۔ محب اﷲ خان نے کہا کہ اب عوام بیدار ہو چکے ہیں اور کسی پارٹی کے سیاسی نعروں میں نہیں آئیں گے ۔ انہو ں نے کہاکہ عوام کے حقوق کے لئے ہر فورم پر آواز بلند کرنا تمام پی ٹی آئی رہنماؤں کا مشن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے مشیر نے چارسالوں میں سوات کے عوام کے لئے کچھ نہیں کیا اور گمراہ اعلانات سے عوام کو گمراہ کرنے میں ناکام کوشش کر رہاہے ۔ انہو ں نے کہا کہ ہمارا صوبہ قدرتی وسائل سے مالا مال لیکن اس سے استفادہ کرنے کے لئے مخلص قیادت کی ضرورت ہے ۔ انہو ں نے کہا کہ اگر عوام نے اس بار عمران خان پر اعتماد کیا تو پاکستان کو دنیا کے ترقیافتہ ممالک کے صف میں کھڑا کر دیں گے ۔