نواز حکومت مزدور ،کسان دشمن ہے :بلاول ،محنت کشوں کے حقوق کیلئے 13قوانین بنائے:وزیر اعلیٰ سندھ

نواز حکومت مزدور ،کسان دشمن ہے :بلاول ،محنت کشوں کے حقوق کیلئے 13قوانین ...

کراچی(آن لائن)پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے نواز شریف حکومت مزدور اور کسان دشمن ہے، یہ عوام کی دولت لوٹ کر پاناما میں آف شور کمپنیاں بناتے ہیں۔مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر کراچی میں وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقدہ تقریب سے خطاب میں انکا مزید کہنا تھا مزدوروں کی فلاح پیپلز پارٹی کی ہمیشہ ترجیح رہی ہے، شہید ذوالفقاربھٹو نے مزدوروں اور نوجوانوں کو متحد کیا، پیپلز پارٹی نے ملک میں پہلی مرتبہ مزدور دوست پالیسی دی، ادارے بنائے، ای او بی آئی قائم کیا، پیپلز پارٹی ، ذوالفقاربھٹو اورشہید بینظیر کو مزدوروں کے دلوں سے نہیں نکالا جاسکتا۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے گزشتہ دور حکومت میں سرکاری اداروں کے 12 فیصد حصص محنت کشوں کے نام کرنے کی حکمت عملی اپنائی گئی تھی لیکن موجودہ حکومت نے اسے بند کردیا ہے۔ سندھ حکومت مسائل حل لیکن وفاقی حکومت ٹال مٹول سے کام لے رہی ہے، موجودہ حکمران اورنج ٹرین بناتے ہیں ہسپتال نہیں ،لیکن پیپلز پارٹی ہر قیمت پر مزدوروں کے حقوق کا تحفظ کرے گی۔تقریب سے خطاب میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا اٹھارویں ترمیم کے بعد مزدوروں کے حقوق کیلئے 13 قوانین سندھ اسمبلی سے منظور کرائے جبکہ مزید قوانین بھی جلد پیش کیے جائیں گے۔ تقریب میں پیپلزپارٹی کے دیگر رہنماؤں کے علاوہ آئی جی سندھ بھی شریک تھے، بلاول بھٹو زرداری نے سندھ ورکرز ویلفیئر بورڈ کی جانب سے محنت کشوں میں 50 کروڑ روپے کی گرانٹ بھی تقسیم کی۔

بلاول بھٹوزرداری

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر