مزدوردشمن حکمران آف شور کمپنیاں بناتے ہیں، بلاول بھٹو

مزدوردشمن حکمران آف شور کمپنیاں بناتے ہیں، بلاول بھٹو

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ موجودہ حکمران مزدور اور کسان دشمن ہیں جو مزدوروں کا حق کھا کر آف شور کمپنیاں بناتے ہیں۔بھٹو نے پاکستان پیپلز پارٹی کی بنیاد اس وقت ڈالی جب ملک پر22 خاندانوں کی حکمرانی تھی۔بھٹو نے کسانوں اور نوجوانوں کو متحد کرکے انقلاب برپا کیا جبکہ مزدوروں نے پیپلزپارٹی کو دوام بخشا۔ہم مزدوروں کے حقوق دیں گے۔یہ مزدور اور کسان دشمن حکومت ہے۔یہ حکمران قوم کی دولت لوٹتے ہیں۔پانامہ کے نام پر قوم کا پیسہ لوٹتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیروزیراعلی ہاؤس کراچی میں محنت کشوں میں50 کروڑ روپے کی خصوصی گرانٹ کے چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی خطاب کیا۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مزدوروں کی فلاح پیپلز پارٹی کی ہمیشہ ترجیح رہی ہے، ذوالفقاربھٹو نے مزدوروں اور نوجوانوں کو متحد کیا، پیپلز پارٹی نے ملک میں پہلی مرتبہ مزدور دوست پالیسی دی، پیپلز پارٹی نے مزدوروں کے لیے ادارے بنائے، محنت کشوں کے لیے ای او بی آئی قائم کیا۔ہمیں سوشل سیکورٹی اور ای او بی آئی کے نظام میں بدلتے حالات کے تحت تبدلیاں لانی ہیں۔ٹھیلا لگانے والے اور رکشا چلانے والوں کو بھی اس دھارے میں شامل کیا جائے۔انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی ، ذوالفقاربھٹو اور بے نظیر بھٹو کو مزدوروں کے دلوں سے نہیں نکالا جاسکتا۔ پیپلز پارٹی کے گزشتہ دور حکومت میں سرکاری اداروں کے 12 فیصد حصص محنت کشوں کے نام کرنے کی حکمت عملی اپنائی گئی تھی لیکن موجودہ حکومت نے اسے بند کردیا ہے۔ سندھ حکومت مسائل کو حل کرنا چا ہتی ہے لیکن وفاقی حکومت ٹال مٹول سے کام لے رہی ہے، موجودہ حکمران مزدور اور کسان دشمن ہیں، یہ حکومت مزدوروں کا حق کھا کر آف شور کمپنیاں بناتی ہے، یہ اورنج ٹرین بناتے ہیں مگر اسپتال نہیں بناتے لیکن پیپلز پارٹی ہر قیمت پر مزدوروں کے حقوق کا تحفظ کرے گی۔انہوں نے کہاکہ وزیراعلی سندھ محکمہ محنت کو مزید فعال کریں۔افسوس کی بات ہے کہ لیبر عدالتیں جس مقاصد کے لئے بنائی گئیں وہ پورا نہیں ہورہاہے۔لیبر کورٹس سے محنت کشوں کو انصاف نہیں مل رہا،پرائیویٹ سیکٹر کے اداروں پر بھی توجہ کی ضرورت ہے۔پرائیویٹ سیکٹر میں مزدوروں کا استحصال کیا جارہا ہے،وزیراعلی سندھ سے امید ہے کہ وہ مزدوروں کو انکے جائز حقوق دلائیں گے۔اس سے قبل وزیراعلی سندھ مرادعلی شاہ نے بلاول بھٹوکو یادگاری شیلڈ پیش کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ محنت کشوں نے ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے، صنعتوں کا پہیہ محنت کش طبقے کے زور بازو سے ہی چلتا ہے، محنت کشوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے ذوالفقار بھٹو نے قانون سازی کی بنیاد ڈالی، پیپلز پارٹی نے گزشتہ 5 سال میں سندھ اسمبلی سے محنت کشوں کے تحفظ کے لیے 13 قوانین منظورکرائے ہیں۔مزید کئی بلز بھی زیر غور ہیں۔مرادعلی شاہ نے کہاکہ مزدوروں کے لیے پیپلزپارٹی کی تیسری نسل جدوجہد کررہی ہے۔انہوں نے کہاکہ پی پی حکومت نے مزدوروں کے لیے جوکچھ کیا کوئی اور سوچ نہیں سکتا۔انہوں نے کہاکہ آج مزدورں میں 50کروڑ روپے کی رقم تقسیم کی ہے جبکہ ورکرز ویلفیئر بورڈ کی طرف سے ایک ارب روپے محنت کشوں میں تقسیم کریں گے۔انہوں نے کہاکہ میں پیپلزپارٹی کے وفات پا جانے والے مزدور رہنماوں خواجہ محمد اعوان لطیف مغل کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔محنت کشوں کے حقوق کے لئے شہید زوالفقار علی بھٹو اورشہید بی بی کی پالیسیوں پر عمل پیرا رہیں گے۔ تقریب کے اختتام پر پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری اور وزیراعلی مراد علی شاہ نے محنت کشوں میں پچاس کروڑ روپے کی خصوصی گرانٹ کے چیک تقسیم کئے۔اس موقع پر مزدوروں نے جیئے بھٹو کے نعرے لگائے۔