پیپلز پارٹی میں شمولیت کی خبریں بے بنیاد ہیں، مرتضیٰ جتوئی

پیپلز پارٹی میں شمولیت کی خبریں بے بنیاد ہیں، مرتضیٰ جتوئی

اسلام آباد(پ ر)وفاقی وزیر برائے صنعت وپیداوار غلام مرتضیٰ خان جتوئی نے کہا ہے کہ ان کی پیپلز پارٹی میں شمولیت کی خبریں من گھڑت اور بے بنیاد ہیں،انہوں نے اس طرح کا نہ تو کوئی فیصلہ کیا ہے اور نہ ہی ان کی ملاقات فریال تالپور سے ہوئی ہے ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ سیاسی جوڑتوڑ اور وابستگی بشمول الیکشن 2018ء کا اتحاد جو بھی سیاسی فیصلہ کریں گے وہ ڈنکے کی چوٹ پر کرینگے اور سب کے سامنے کرینگے ،وہ اپنی رہائش گاہ پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کررہے تھے ،گزشتہ روز اسلام آباد سے شائع ہونیوالے اخبار میں غلام مرتضیٰ جتوئی کے پیپلز پارٹی میں شمولیت سے متعلق خبر شائع ہوئی،مذکورہ خبر میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ انہوں نے فریال تالپور سے ملاقات کے بعد پیپلز پارٹی میں شمولیت کا فیصلہ کیا جبکہ باقاعدہ اعلان آصف علی زرداری سے ملاقات کے بعد کیا جائیگا،صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ وہ چوری چھپے کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے اور وہ جو بھی فیصلہ کرینگے سب کے سامنے کرینگے ۔گذشتہ کچھ عرصے سے غلام مرتضیٰ جتوئی کے حکومت سے اختلاف اور اُن کے پیپلز پارٹی میں شمولیت کی خبریں اخباروں کی زینت بنتی آرہی ہیں،تاہم وفاقی وزیر نے اس ضمن میں کسی بھی قسم کی پیش رفت کی تردید کی ہے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر