ٹریفک پولیس تجاوزات کیخلاف آپریشن میں حصہ لے،سی ٹی او

ٹریفک پولیس تجاوزات کیخلاف آپریشن میں حصہ لے،سی ٹی او

راولپنڈی(جنرل رپورٹر)چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی یوسف علی شاہدنے ٹریفک انتظامات و اقدامات کا جائزہ لینے کے لئے اڈیالہ روڈ ، 22نمبر چوک،ڈھوک سیداں سیکٹر، مصریال روڈ ،رینج روڈ اور متعلقہ سیکٹرز کی دیگر شاہراہوں کا گزشتہ روز سرپرائز وزٹ کیا۔اس موقع پر سی ٹی او نے تمام فیلڈ افسران و اہلکاروں کو ہدایات جاری کیں کہ ’’ متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن کیا جائے تاکہ سڑکیں تجاوزات سے پاک کروا کر ٹریفک کی روانی کو مزید بہتر بنایا جا سکے ، غلط پارکنگ ، ڈبل پارکنگ اور نو پارکنگ ایریا میں کھڑی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے انہوں نے اڈیالہ سیکٹر کا دورہ کرتے ہوئے انچارجز اور بیٹ افسران کو حکم دیا کہ خواجہ کارپویشن چوک سے د ھاما ں موڑ تک ٹریفک کی روانی کو مزید بہتر بنایا جائے اور تجاوزات اور غلط پارکنگ کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے غلط پارک کی گئی گاڑی کو فوری لفٹ کیا جائے اس حوالے سے کسی قسم کی تفریق نہ کی جائے سی ٹی او نے خواجہ کارپویشن چوک میں لگے آرمی، ضلع پولیس اور ٹریفک پولیس کے مشترکہ ناکہ پر موجود وارڈنز کو ہدایت جاری کی کہ سیکیورٹی کے پیش نظر بغیر نمبر پلیٹ ، غیر نمونہ نمبرپلیٹ ، کالے شیشوں والی گاڑیوں اور مشکوک گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر کڑی نظر رکھی جائے اور قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے انہوں نے مختلف شاہراہوں کا دورہ کرتے ہوئے افسران و اہلکاروں کو مزید ہدایات جاری کیں کہ ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد کروایا جائے وائلیٹر کے ساتھ مہذب رویہ رکھتے ہوئے اچھے اخلاق کے ساتھ ٹریفک قوانین کے مطابق قانونی کاروائی کی جائے ، لاء انفورسمنٹ کو یقینی بنایا جائے ، ٹریفک کی روانی کو پیشہ وارانہ امور کو بروئے کار لاتے ہوئے رواں دواں رکھا جائے اور جہاں ٹریفک کی روانی میں خلل پیدا ہو وہاں فوری طور پر ایسے عوامل کا سدباب کیا جائے جس کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہو۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر