عمران خان کی ممتاز بھٹو سے ملاقات،بھائی کے انتقال پر تعزیت

عمران خان کی ممتاز بھٹو سے ملاقات،بھائی کے انتقال پر تعزیت

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پیرکو سندھ نیشنل فرنٹ کے سربراہ سردار ممتاز علی بھٹو کے بڑے بھائی حاجی معشوق علی بھٹو کے انتقال پر ان کی رہائش گاہ پروفد کے ہمراہ ان سے اظہار تعزیت کیا ۔ اس موقع پر ملک کی موجودہ خصوصاً سندھ کی سیاسی صورت حال پر تفصیلی غوروخوض کرکے آئندہ سندھ نیشنل فرنٹ اور پی ٹی آئی کی سندھ میں کرپٹ حکمرانوں ، لٹیروں اور سندھ میں کرپشن کے خلاف مشترکہ جدوجہد پر اتفاق کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق عمران خان نے سردار ممتاز علی بھٹو کو گو نواز گو تحریک میں شامل ہونے اور پی ٹی آئی میں شمولیت کی باقاعدہ دعوت دی ، جس پر ممتاز علی بھٹو نے انہیں کہا کہ ہماری اور آپ کی جدوجہد ملک کے چوروں ، ڈاکوؤں ، لٹیروں اور کرپشن کے خلاف ہی ہے ۔ ممتاز علی بھٹو نے کہا کہ سندھ نیشنل فرنٹ کا منشور بانیان پاکستان کا دیا ہوا پروگرام ہے ، جس کے لیے سندھ نیشنل فرنٹ جدوجہد کرکے اسے اپنے کندھوں پر اٹھایا ہوا ہے ۔ اگر آپ سندھ نیشنل فرنٹ کے پروگرام ، صوبائی خود مختاری کو اگر پی ٹی آئی کے منشور میں شامل کریں گے تو پھر ہم شامل ہونے کے لیے غور کرکے اپنے دوستوں ساتھیوں سے مشاورت کے بعد آپ کو آگاہ کریں گے ۔ ذرائع نے بتایا کہ ممتاز بھٹو اور عمران خان کی ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی ۔ عمران خان نے ممتاز علی بھٹو سے پراپیل کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں ایک چور کو عدالت میں پہنچانے کے بعد اب سندھ کے بڑے ڈاکو کے خلاف میں میدان میں نکل کر سندھ کے عوام کے پاس آیا ہوں ، جس کے لیے مجھے آپ کے سہارے کی ضرورت ہے ۔ آپ کے سیاسی تجربے اور بصیرت اور دیدہ دلیری کو دیکھ کر ہماری روح خوش ہوتی ہے ۔ ہم چاہتے ہیں کہ آپ کے جیسا نڈر بہادر شخص ہماری صفوں میں شامل ہو ۔ جس پر ممتاز علی بھٹو نے ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ انشاء اللہ آپ کو جلد جواب دیں گے ۔ اس کے علاوہ شاہ محمود قریشی نے بھی ممتاز علی بھٹو سے الگ سے ان کے بھائی کے انتقال پر تعزیت کرکے انہوں نے بھی ممتاز بھٹو پر پیپلز پارٹی کی حکومت کی طرف سے انتقامی کارروائیوں پر بھرپور مذمت کی ۔ شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ان حکمرانوں سے جمہوریت کو نہیں بلکہ ملک کے لوٹے لٹیروں اور غداروں کو خطرہ ہے ، جنہوں نے اداروں اور ملک کے خلاف سازشیں کی ہیں ۔ آخر میں ممتاز بھٹو سے میڈیا نے آصف زرداری کی کرپشن کے خلاف تحریک چلانے کا سوال کیا تو ممتاز بھٹو نے کہا کہ آصف زرداری کی کرپشن کے خلاف تحریک چلانے کی باتیں ایسی ہیں یا تو وہ پاگل ہیں یا پھر قوم پاگل ہے ۔ اگر آصف علی زرداری کرپشن کے خلاف واقعی تحریک چلانا چاہتا ہے تو پھر اپنی گردن کٹوا کر میدان میں آئے ۔ اس موقع پر سندھ نیشنل فرنٹ کے انور گجر ، رزاق باجوہ اور پی ٹی آئی کے عارف علوی ، فیصل واڈا ، لیاقت جتوئی ، عمران اسماعیل ، علی زیدی اور ایم پی اے خرم شیر زمان بھی موجود تھے ۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر