پاکستانی فنکاروں کا رشی کپور کے انتقال پراظہار تعزیت
لاہور(فلم رپورٹر)پاکستانی فنکاروں نے عرفان خان کے بعد رشی کپور کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔رشی کپور بھی عرفان خان کی طرح کینسر کا شکار تھے گزشتہ روز ممبئی میں انتقال کرگئے تھے۔دنیا بھر کی طرح پاکستانی شوبز انڈسٹری سے وابستہ افراد نے ان کی موت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اپنی یادیں شیئر کی ہیں۔بالی ووڈ کی سپرہٹ فلم "حنا”میں لیڈ رول والی پاکستانی اداکارہ زیبا بختیار نے بھی اپنی یادیں تازہ کرتے ہوئے رشی کپور میری زندگی کا حصہ تھے جن کے بغیر میں زندگی کا تصور بھی نہیں کرسکتی ان کے ساتھ میرا بہت اچھا وقت گزرا وہ بہت اچھے انسان تھے۔سجل علی نے رشی کپور اور سری دیوی کی تصویر شیئر کرتے ہوئے غم کا اظہار کیا۔
عمران عباس نے ٹوئٹر پر لکھا کہ رشی کپور کی موت سے ایک عہد اختتام پزیر ہوگیا ہے۔اس کے علاوہ اداکار شان شاہد،زارا نور عباس،دیپک پروانی،عدنان سعید، سمیت بے شمار فنکاروں نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔