شہباز شریف نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کوناکافی قرار دیدیا

  شہباز شریف نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کوناکافی قرار دیدیا

  

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حز ب اختلاف شہبازشریف نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی مسترد کرتے ہوئے انہیں ناکافی قراردیدیا۔اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا پورا فائدہ عوام کو منتقل نہیں کیا جا رہا، عالمی منڈی میں قیمتوں میں کمی پر تیل نہ خریدنے کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے، حکومت پٹرول اور ڈیزل کی قیمت 50 روپے فی لٹر کرے۔ کورونا سے پیدا شدہ غیر معمولی صورتحال میں تیل کی قیمتوں میں مزید کمی کر کے عوام کو سہولت دی جائے، معاشی پیکیج یا ریلیف نہیں تو کم ازکم تیل کی قیمتوں کا فائدہ تو عوام تک پہنچایا جائے۔ شہباز شریف نے یکم مئی پر محنت کشوں اور مزدوروں کی جدوجہد کو سلام کرتے ہوئے کہا شکاگو سے شروع ہونیوالی مزدوروں کی جدوجہد آج بھی جاری ہے۔ مسلم لیگ (ن) نے ہر دور میں محنت کش اور مزدور کے حقوق کا فروغ اور تحفظ کیا۔ محنت کش کسی بھی معاشرے کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔ مزدور اور محنت کش ہی دنیا کو سنوارنے کی بنیاد بنتے ہیں۔ دنیا میں آجر اور اجیر کے درمیان وسائل اور حقوق کی تقسیم کا توازن آج بھی ٹھیک نہیں۔ دنیا میں آج بھی مزددور کے استحصال کا سلسلہ جاری ہے۔کورونا اور معاشی بربادی کا سب سے زیادہ بوجھ مزدور، محنت کش برداشت کررہے ہیں۔ دلی رنج ہے کہ حکومت مزدور، دیہاڑی دار و ں کو امداد، ریلیف اور راشن نہیں پہنچا سکی۔ ہر خاندان، محلہ، علاقہ اپنے قریب مزدور، محنت کش اور مستحق افراد کی مدد کرے۔ رمضان المبارک کے ماحول میں کورونا وباء سے لڑتے ہوئے مزدور، محنت کش ہماری خصوصی توجہ کے مستحق ہیں۔اللہ تعالی نے محنت کش کو اپنا دوست قرار دیا، پسینہ خشک ہونے سے پہلے مزدوری ادا کرنے کا حکم دیا۔ شکاگو سے شروع ہونیوالی مزدوروں کی جدوجہد آج بھی جاری ہے۔صدر (ن) لیگ نے مزید کہا کہ حکومت پٹرول اور ڈیزل 50 روپے فی لٹر کرکے یکم مئی پر مزدوروں کو تحفہ دے سکتی تھی۔ حکومت بجلی اور گیس کی قیمت میں پچاس فیصد یا کم ازکم ایک تہائی کمی کرکے محنت کشوں کو آج ریلیف دے سکتی تھی۔ کورونا وباء کے دوران خاص طورپر مزدور اور دیہاڑی طبقے کیلئے امداد کی فراہمی کو حکومت یقینی بنائے۔

مزید :

صفحہ اول -