عالمی برادری مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کانوٹس لے: شاہ محمود

  عالمی برادری مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کانوٹس لے: شاہ محمود

  

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ دنیا ممکنہ عالمی معاشی بحران کی جانب بڑھ رہی ہے، بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں مسلسل کرفیو سے 80لاکھ کشمیریوں کی زندگیاں اجیرن ہوچکی ہیں،کشمیریوں کو خوراک سمیت ادویات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے عالمی برادری بھارت پر دباؤڈالے جبکہ عالمی برادری بھارت میں بڑھتے اسلامو فوبیا کا نوٹس لے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوئٹرزلینڈ کے ہم منصب ایگنازیو کاسیس سے ٹیلی فونک گفتگو میں کیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے کورونا سے نمٹنے سے متعلق مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شاہ محمود قریشی نے سوئٹزرلینڈ ہم منصب کا میٹرہارن کی پہاڑیوں پر پاکستانی پرچم لہرانے پر شکریہ ادا کیا۔ سوئس حکومت نے اظہار یکجہتی کیلئے میٹرہارن کی پہاڑیوں پر پاکستانی پرچم لہرایا تھا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے کورونا سمیت اہم علاقائی امور پر مشاورت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔قبل ازیں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا تھا جس میں وزیر خارجہ نے ایران میں کورونا سے ہونے والے جانی نقصان پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ایرانی حکومت اور عوام سے اظہار یکجہتی کیا۔شاہ محمود قریشی نے کہا تھا کہ ایران حکومت اور عوام بہادری سے کورونا کا مقابلہ کررہے ہیں۔

شاہ محمود

مزید :

صفحہ اول -