عثمان بزدار کا ایکسپوفیلڈ ہسپتال میں مریضوں کے احتجاج کا نوٹس، تحقیقات کا حکم

عثمان بزدار کا ایکسپوفیلڈ ہسپتال میں مریضوں کے احتجاج کا نوٹس، تحقیقات کا ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (جنرل رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے ایکسپو سینٹر فیلڈ ہسپتال میں مریضوں کے احتجاج کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے صوبائی وزیر صحت اورسیکرٹری صحت سے رپورٹ طلب کرلی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ مریضوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے اورمریضوں کو معیاری کھانا بروقت مہیا کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ فیلڈ ہسپتال میں متاثرہ مریضوں کو دیگر ضروری سہولتیں ترجیحی بنیادوں پر دی جائیں۔جہاں بھی کوتاہی یا غفلت ہوئی ہے ذمہ داروں کا تعین کر کے کارروائی عمل میں لائی جائے۔متاثرہ مریضوں کی مناسب دیکھ بھال متعلقہ محکمے کی ذمہ داری ہے۔اس ضمن میں تساہل برداشت نہیں کروں گا۔وزیراعلیٰ پنجاب کے زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا،جس میں لاہورویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے تحت لاہور میں صفائی کے نئے نظام کا جا ئزہ لیاگیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے لاہور میں صفائی کے انتظامات کو خوب سے خوب تر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ لاہور میں صفائی کا مجوزہ ماڈل کو جلد سے جلد گراؤنڈ پر لایاجائے۔دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے چیئرمین فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹس ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی(فیڈمک) میاں کاشف اشفاق نے ملاقات کی،میاں کاشف اشفاق نے فیصل آباد کے صنعت کاروں کی جانب سے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کو چیف منسٹرفنڈ برائے کورونا کنٹرول کیلئے 40 لاکھ روپے کا چیک پیش کیا۔میاں کاشف اشفاق نے 2 چینی کمپنیوں کی جانب سے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کو 35 لاکھ روپے مالیت کے ماسک اور ضروری سازوسامان دیا۔وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے صنعت کاروں اور چینی کمپنیوں کے حکام کے جذبے کی تعریف کی اوروزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے مشکل کی گھڑی میں جذبہ خیر پر میاں کاشف اشفاق کا شکریہ ادا کیا۔چیئرمین فیڈمک میاں کاشف اشفاق نے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کو علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کے منصوبے پر ہونے والی پیشرفت سے آگاہ کیا۔میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ صنعت کار کورونا سے نمٹنے کیلئے کئے جانیوالے حکومتی اقدامات کی حمایت کرتے ہیں۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ارلی چائلڈ ہڈ ایجوکیشن کیلئے نئی کتاب لانچ کردی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے نئی کتاب تیارکرنے پر صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن مراد راس اوران کی ٹیم کو مبارکباددیتے ہوئے کہاکہ پنجاب حکومت نے بچوں کیلئے جدید انداز میں کتاب کو تیار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سکولوں کے بچوں کو یہ کتاب پڑھنے میں آسانی ہوگی۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -