بلاول کی کورونا ریلیف پیکیج پر تنقید ”ناچ نہ جانے آنگن ٹیڑھا“ کے مترادف: چوہان

    بلاول کی کورونا ریلیف پیکیج پر تنقید ”ناچ نہ جانے آنگن ٹیڑھا“ کے مترادف: ...

  

لاہور(این این آئی) صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ بلاول زرداری کی جانب سے وفاقی حکومت اور وزیراعظم عمران خان کے کرونا ریلیف پیکج پر تنقید ”ناچ نہ جانے آنگن ٹیڑھا“کے مترادف ہے،بلاول زرداری ہر ہفتے صرف حکومت پر تنقید کرنے کیلئے خود ساختہ گوشہ نشینی سے باہر تشریف لاتے ہیں اور تنقید کر کے واپس گوشہ نشین ہو جاتے ہیں۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ سب جانتے ہیں احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے تحت اب تک سب سے زیادہ رقوم سندھ میں تقسیم کی گئی ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کی صورت میں پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا اور غیر سیاسی ریلیف پیکج چلایا جا رہا ہے جس میں کسی ایم این اے، ایم پی او اور دیگر سیاسی اہلکار کو مداخلت کی اجازت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول زرداری وزیراعظم عمران خان اور وفاقی حکومت کی اعلی کارکردگی سے حسد کر کے بے منطق اور بے ڈھنگے بیان دے رہے ہیں جبکہ ہمیشہ کی طرح کرونا ریلیف کاروائیوں کے سلسلے میں بھی سندھ حکومت کی لازوال کرپشن کی داستانیں سامنے آ رہی ہے اور کچھ آنا باقی ہیں۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ بلاول زرداری سندھ میں پیشہ ورانہ کرونا ریلیف کاروائیوں اور گورننس کے فقدان پر توجہ دیں۔ سندھ میں کرونا متاثرین کو 13 سال پرانا، زائد المیعاداور گھٹیا راشن تقسیم کیا جا رہا ہے۔ بلاول کو وزیراعظم عمران خان پر تنقید کی بجائے سندھ میں قیادت کے بحران پر توجہ دینی چاہیے۔ وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ نئے پاکستان میں غریب مزدور کا استحصال کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے بیان میں فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ یکم مئی محنت کشوں کی عظمت کو سلام کرنے کا دن ہے،اسلام محنت کش کو اللہ کے دوست کا رتبہ دیتا ہے یہی وجہ ہے کہ اسلام نے واقعہ شکاگو سے پہلے مزدوروں کے حقوق کو تسلیم کیا تھا،اسلام میں مزدورکو پسینہ خشک ہونے سے پہلے اجرت دینے کی روایت1400سال پرانی ہے۔ آج کوروناوبا کے باعث پاکستان میں مزدورطبقہ مشکلات کاشکارہے،مگر نامساعد حالات کے باوجود تحریکِ انصاف احساس پروگرام کے تحت غریب اورمزدورطبقے کو ہرممکن ریلیف دے رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت چائلڈ لیبر،گھریلوملازمین،بھٹہ ملازمین سمیت تمام مزدوروں کی فلاح کیلئے کام کررہی ہے اور نئے پاکستان میں غریب مزدورکا استحصال کسی صورت برداشت نہیں کیاجائیگا۔

فیاض الحسن چوہان

مزید :

صفحہ اول -