عوام میں کورونا سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر سے متعلق آگاہی پیدا کریں

      عوام میں کورونا سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر سے متعلق آگاہی پیدا کریں

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ممبران قومی اسمبلی کو خط لکھ کر کہا ہے کہ کرونا کی وبا سے پوری دنیا انتہائی پریشانی کے عالم میں ہے اور یہ وباء پاکستان میں بھی پھیل رہی ہے۔جمعہ کو لکھے گئے خط میں صدرمملکت نے کہاکہ وبا ء کے پھیلاؤ کو روکنے کا واحد طریقہ احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کرنا ہے۔ صدرمملکت نے کہاکہ حلقے کے لوگوں کے ساتھ قریبی رابطے میں رہتے ہوئے اْن کے دکھ درد میں شریک ہوں۔ صدرمملکت نے کہاکہ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کے ساتھ رابطہ رکھیں، ان کی حوصلہ افزائی کریں اور اْن کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے بھرپور کوشش کریں۔صدر مملکت نے کہاکہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے غریب طبقہ انتہائی مشکلات کا شکار ہے،آپ اہلِ ثروت لوگوں کے ساتھ مل کر اْن تک راشن پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کریں۔ صدرمملکت نے کہاکہ عوام میں احتیاطی تدابیر کے متعلق آگاہی پیدا کریں۔ صدرمملکت نے کہاکہ علمائے کرام کی مشاورت سے مساجد میں عبادات کے لیے ایک 20 نکاتی اعلامیہ وضع کیا گیا ہے۔ صدرمملکت نے کہاکہ ضلعی انتظامیہ اور مساجد کمیٹیوں کے تعاون سے 20 نکاتی اعلامیہ کی تمام احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔
صدر کا خط


اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے کہا ہے کہ لاک ڈاؤن کے باعث محنت کشوں اور دیہاڑی دار طبقہ کو درپیش مشکلات سے پوری طرح آگاہ ہیں۔ کووڈ۔19 کی وجہ سے عالمی معیشت جمود کا شکار ہے اوراس وبا نے محنت کش طبقہ کو بری طرح متاثر کیا ہے،پاکستان سمیت دنیا میں لاکھوں لوگ اس وبا کی وجہ سے بے روزگار ہوئے ہیں۔صدر مملکت نے کہا کہ حکومت پاکستان لاک ڈاؤن کی وجہ سے اپنے محنت کشوں اور دیہاڑی داروں کو درپیش مسائل اور مشکلات سے پوری طرح آگاہ ہے، اس ضمن میں احساس ایمرجنسی کیش ریلیف پروگرام شروع کیا گیا ہے جو انہیں فوری ریلیف فراہم کرنے کے لئے ہے۔صدرعارف علوی نے کہا کہ وہ پراعتماد ہیں کہ موجودہ حکومت کے دور میں محنت کشوں کے حقوق موثرطور پر محفوظ ہیں، انہیں اس پر بھی مکمل اعتماد ہے کہ حکومت محنت کشوں کی حالت سدھارنے کے لئے ہر ممکنہ اقدامات اٹھائے گی۔اپنے بیان میں صدر پاکستان نے صوبائی حکومتوں پر زور دیا کہ وہ محنت کشوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کی بہبود کے لیے اپنی کوششیں تیز کریں ساتھ ہی اس موقع پر محنت کشوں اور ملازمین پر زور دیتے ہیں کہ پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کی علامت بنانے کے لئے ملک کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا کردار ادا کریں۔
صدر مملکت

مزید :

صفحہ اول -