یوم آزادی کے مواقع پر 10لاکھ پودے لگائیں گے؛ فیصل آباد چیمبر

  یوم آزادی کے مواقع پر 10لاکھ پودے لگائیں گے؛ فیصل آباد چیمبر

  

فیصل آباد (کامرس ڈیسک)فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اس سال یوم آزادی کے موقع پر دس لاکھ پودے لگائے گا جبکہ گورمنٹ کالج وومن یونیورسٹی کے نیو کیمپس کے 200ایکٹر رقبہ پر نرسری کے قیام کیلئے بھی ہر ممکن ٹیکنیکل اور مالی معاونت کی جائے گی۔یہ بات فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر رانا محمد سکندر اعظم خاں نے کلین اینڈ گرین فیصل آباد بارے چیمبر کی قائمہ کمیٹی کے پہلے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بتائی۔ انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد کی تاجر برادری نے اس شہر کو سر سبز و شاداب بنانے کیلئے ہمیشہ بڑھ چڑ کر حصہ لیا ہے۔ کینال روڈ پر فیصل آباد چیمبر نے دو مرتبہ پچاس پچاس لاکھ روپے کے پودے لگوائے مگر انڈر پاس کی تعمیر کی وجہ سے یہ تمام تباہ و برباد ہوگئے۔ انہوں نے گورمنٹ کالج برائے خواتین کی وائس چانسلر محترمہ روبینہ فاروق صاحبہ کی آمد کا شکریہ ادا کیا اور انہیں یقین دلایا کہ نیو کیمپس کی چار دیواری اور تعمیر مکمل ہونے کے بعد یہاں شجر کاری اور نرسری لگانے کا کام شروع کر دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ چیمبر کیساتھ ساتھ لائنز کلب بھی ہر ممکن تعاون کرے گا جس نے مدینہ ٹاؤن کے مین کیمپس مین طالبات کو پینے کا صاف پانی مہیا کرنے کیلئے واٹر فلٹریشن پلانٹ لگوا کر دیا ہے۔فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر رانا محمد سکندر اعظم خاں نے یقین دلایا کہ وہ یونیورسٹی میں مزید سہولتوں کی فراہمی کیلئے بھی ہر ممکن مدد کریں گے۔انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد کے دوسرے اداروں میں نشستیں زیادہ اور کام کم ہوتا ہے۔تاہم فیصل آباد چیمبر شجر کاری کو نتیجہ خیز بنانے کیلئے ہر ممکن مالی تعاون کرے گا۔گورمنٹ کالج وومن یونیورسٹی کی وائس چانسلر محترمہ ڈاکٹر روبینہ فاروق نے بتایا کہ نیو کیمپس کیلئے تین سو نوے ایکٹر کا رقبہ الاٹ کر دیا گیا ہے۔

وہاں ایڈمن بلاک کے علاوہ دو ہاسٹل بھی تعمیر کئے جائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ نیو کیمپس کی چار دیواری کا کام ڈیڑھ سال میں مکمل ہوگا۔تاہم اس سال دسمبر تک پچاس فیصد کام مکمل کر لیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ وہ اس یونیورسٹی کے 200ایکٹر رقبہ پر درختون کی نرسری قائم کرنا چاہتی ہیں جہاں سے پودے تیار کر کے ملک بھر تقسیم کئے جائیں گے۔اس طرح دوسرے حصوں میں بھی شجر کاری کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ وہ اس کیمپس کو سرسبز و شاداب بنانے کیلئے نہری پانی کی حصول کیلئے کوشاں ہیں جبکہ چیمبر کو بھی اس سلسلہ میں انکی مدد کرنا چاہئے۔قائمہ کمیٹی کے وائس چیئرمین ساجد اقبال سندھو نے بتایا کہ فیصل آباد میں بہت سے زرعی تحقیقی ادارے ہیں مگر ان کی توجہ اس کو سر سبز و شاداب بنانے پر نہیں۔ انہوں نے وائس چانسلر محترمہ ڈاکٹر روبینہ فاروق کے منصوبے کو سراہا اورکہا کہ قائمہ کمیٹی نیو کیمپس کیلئے نہری پانی کے حصول میں انکی ہر ممکن مدد کرے گی۔ کمیٹی کے ممبر طارق تنویر نے بتایا کہ وہ نیو کمیپس کیلئے مختلف اقسام کے درختوں کے بیج مفت مہیا کریں گے۔ انہوں نے بتایاکہ نیو کیمپس میں اگر ایک طالبہ دس دس پودے بھی لگائے تو پورے کیمپس کو فوری طور پر سرسبز بنایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ موسمی پھل کھانے کے بعد اسکے بیجوں کو پھینکنے کی بجائے کالج کے باہر موجودہ سٹاف کے حوالے کر دیں تاکہ انکو دوبارہ استعمال کر کے درخت اگائے جاسکیں۔ اس موقع پر فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر بلال وحید شیخ،سابق صدر مزمل سلطان، سابق سینئر نائب صدر فاروق یوسف،ایگزیکٹو ممبر زحبیب الرحمن گل، بابر شہزاد، بھی موجود تھے۔ جبکہ آخر میں چیئرمین قائمہ کمیٹی رانا اکرام اللہ نے تمام ممبران کا شکریہ ادا کیا۔

مزید :

کامرس -