پرنسپل پی جی ایم کی پروفیسر خالد مسعود گوندل کو پی ایچ ڈی کرنے پر مبارکباد

پرنسپل پی جی ایم کی پروفیسر خالد مسعود گوندل کو پی ایچ ڈی کرنے پر مبارکباد

  

لاہور(جنرل رپورٹر) پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر اور پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل کو میڈیکل ایجوکیشن میں پی ایچ ڈی کرنے پر دلی مبارکباددیتے ہوئے کہا ہے کہ پروفیسر خالد مسعود گوندل نے اپنی تمام تر مصروفیات اور بھاری ذمہ داریوں کے باوجود میڈیکل کے شعبے میں اعلیٰ ترین ڈگری حاصل کر کے یہ ثابت کر دیا ہے کہ علم کے حصول کی کوئی حد نہیں ہوتی۔

پروفیسر سردار محمد الفرید ظفر اور پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے اپنے مبارکباد کے الگ الگ پیغامات میں کہا کہ پروفیسر خالد مسعود گوندل کا شمار پاکستان کے معروف سرجنز میں ہوتا ہے اور وہ بہترین میڈیکل ٹیچر کے طور پر جانے جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان کے میڈیکل ایجوکیشن میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کرنے سے طلبا کو میڈیکل کی تعلیم کی نئی جہتیں بڑھانے اور اپنے تجربے کی روشنی میں طب کے شعبے میں ہونے والی جدید تحقیق کو نوجوان ڈاکٹروں تک منتقل کرنے میں مزید آسانیاں پیدا ہوں گی اور کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے طلبا ایک اعلیٰ تعلیم یافتہ استاد کی تدریسی صلاحیتوں سے مزید بہرہ مند ہو سکیں گے۔ پروفیسر الفرید ظفر اور پروفیسر خالد محمود نے کہا کہ پاکستان نے میڈیکل کے شعبے میں شاندار کامیابیاں حاصل کی ہیں اور پروفیسر خالد مسعود گوندل جیسے اساتذہ کے شاگرد دنیا بھر میں ملک و قوم کا نام پہلے ہی روشن کر رہے ہیں، اُن کی اس پی ایچ ڈی کی ڈگری سے اس شعبے کو مزید تقویت ملے گی اور پاکستانی ڈاکٹر اپنا سر فخر سے بلند کر کے دنیا بھر میں وطن عزیز کی نمائندگی کر سکیں گے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -