عمر اکمل کی سزا ایک سال تک محدود کیے جانے کی بازگشت

  عمر اکمل کی سزا ایک سال تک محدود کیے جانے کی بازگشت

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(سپورٹس رپورٹر)عمر اکمل کی سزا ایک سال تک محدود کیے جانے کی بازگشت سنائی دینے لگی جب کہ تفصیلی فیصلے میں 2 سال معطل کیے جانے کا امکان ہے۔ ڈسپلنری پینل کے چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ فضل میراں چوہان نے پیر کو سنائے جانے والے مختصر فیصلے میں عمر اکمل پر 3 سال کی پابندی عائد کردی تھی، تفصیلی فیصلہ ابھی آنا ہے جس کو دیکھتے ہوئے عمر اکمل اپیل دائر کریں گے۔دوسری جانب مڈل آرڈر بیٹسمین کی سزا میں 2 سال معطل شامل کیے جانے کی بازگشت سنائی دینے لگی ہے، اس سے قبل شرجیل خان کو ڈھائی سال معطل سمیت 5 سال پابندی کی سزا دی تھی۔ اس کا مقصد یہ ہوتا ہے کہ اگر پہلے ڈھائی سال کے دوران کرکٹر کوڈ آف کنڈکٹ کی مزید کوئی خلاف ورزی نہ کرے توباقی سزا ختم ہو جاتی ہے، عمراکمل پر بکی کی جانب سے رابطے کی اطلاع پی سی بی کو نہ دینے کا الزام ہے،چند سابق کرکٹرز 3 سال سزا کو زیادہ قرار دے رہے ہیں۔جرم کی نوعیت کو دیکھتے ہوئے تفصیلی فیصلے میں عمراکمل کی سزا کے 2 سال معطل کیے جانے کا امکان ہے، یوں بورڈ کو ایک سال کے دوران یہ جائزہ لینے کا بھی موقع مل جائے گا کہ بیٹسمین کے رویے میں کتنی بہتری آتی ہے۔اس حوالے سے پی سی بی کے ڈائریکٹر میڈیا سمیع الحسن برنی کا کہنا ہے کہ تفصیلی فیصلہ آزادانہ حیثیت میں کام کرنے والے ڈسپلنری پینل کے چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ فضل میراں چوہان کو جاری کرنا ہے۔ ہمارا اس میں کوئی عمل دخل نہیں، جیسے ہی انھوں نے فیصلہ جاری کیا میڈیا کو آگاہ کردیا جائے گا۔