ختم نبوتؐ ایمان کا حصہ‘ حکومت چھیڑ چھاڑ سے باز رہے‘ گوہر شاہ

  ختم نبوتؐ ایمان کا حصہ‘ حکومت چھیڑ چھاڑ سے باز رہے‘ گوہر شاہ

  

چارسدہ (بیو ر و رپورٹ)عقیدہ ختم نبوت ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ حکومت ختم نبوت قانون میں چھیڑ چھاڑ سے باز رہے۔ اقلیتی کمیشن میں مرزائیوں کی نمائندگی آئین پاکستان سے بغاوت ہے۔ حکومت کا اصل چہرہ بے نقاب ہوچکا ہے۔ ان خیالات کا اظہار جمعیت علماء اسلام ضلع چارسدہ کے امیر اور سابق ایم این اے مولانا سید گوہر شاہ, مولانا الہی جان, حاجی دانش مند,حاجی ظفر علی خان, ضلعی رہنما محمد احمد خان اور مولاناجمیل احمد نے اپنے بیان میں کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ختم نبوت ایک طے شدہ نکتہ ہے جس میں کوئی ابہام نہیں اور یہ ھمارے ایمان کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اقلیتی کمیشن میں مرزائیوں کو نمائندگی دینے سے باز رہے کیونکہ یہ 1973 کے متفقہ آئین سے بغاوت ہے۔انہوں نے کہا کہ کہ مرزائیوں کیلئے ہمدردی کے جذبات رکھنے والوں کا اصل چہرہ بے نقاب ہوچکا ہے۔کسی بھی صورت میں حکومت کو اپنے عزائم کی تکمیل کا موقع نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جس حکومت نے ختم نبوت قانون میں نقب ڈالنے کی کوشش کی ہے انھیں رسوائی کے سوا کچھ نہیں ملاہے۔انہوں نے حکومت کو خبردار کرتے ہوئے واضح کیا کہ ھمارے ایمانی غیرت وحمیت کا امتحان نہ لیں ورنہ ناموس رسالت ﷺکے تحفظ کیلئے پوری قوم ایک دفعہ کمربستہ ہوکر میدان میں نکلی تو ان کے اقتدار کا خاتمہ کرکے دم لیگی۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -