لاک ڈاؤن،کراچی میں ماہِ رمضان اور پھر عید کی رونقیں ماند

لاک ڈاؤن،کراچی میں ماہِ رمضان اور پھر عید کی رونقیں ماند

  

کراچی(این این آئی)کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے کیے گئے لاک ڈاؤن کے باعث شہرِ قائد میں اس بار ماہِ رمضان اور پھر عید کی رونقیں ماند دکھائی دے رہی ہیں۔کراچی کی شاہراہوں پر ان دنوں ٹریفک جام معمول ہوا کرتا تھا، مارکیٹوں میں رش ایسا ہوتا تھا کہ تل دھرنے کی جگہ نہ ہوتی پر اب ہو کا عالم ہے، سناٹے ہیں اور خاموشی ہے۔رواں سال جہاں ماہِ رمضان بالکل خاموشی سے گزر رہا ہے وہیں عید کی تیاریاں بھی ماند ہیں، عوام کی قلیل تعداد عید کی خریداری آن لائن کر رہی ہے۔شہر کراچی کی مارکیٹوں میں سناٹے کا راج ہے، یقین نہیں ہوتا کہ یہ وہی مقامات ہیں جہاں سے گاڑی کو گزرنے میں گھنٹوں لگ جاتے تھے پر اب اس تیز رفتاری سے سفر طے ہوتا ہے کہ پتہ ہی نہیں لگتا۔مارکیٹوں کو بڑے بڑے تالے لگے ہوئے ہیں، روشنیوں کی جگہ اندھیرا ہے، نہ گاہکوں کی تکرار ہے اور نہ ہی دکانداروں کا اسرار ہے۔مارکیٹوں میں قید کپڑے، جوتے، جیولری اور دیگر ضروریات کی اشیا اپنے قدر دانوں کی منتظر ہیں۔کووڈ 19 نے عوام کو سمجھادیا ہے کہ گھروں میں رہنے میں عافیت ہے۔چھوٹے بڑے بزنس کرنے والوں کی تو خواہش اور ضرورت ہے کہ اس ماہ میں پورے سال کا منافع کمالیا جائے پر حکومتِ سندھ کے مارکیٹوں کو بند رکھنے کے اعلانات اور ان پر عمل درآمد تاحال برقرار ہے۔لوگ اس بار بالکل مختلف رمضان المبارک گزار رہے ہیں اور عید کے لیے بھی آن لائن خریداری کرنے کو ہی ترجیح دے رہے ہیں۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -