کورونا وباء طول پکڑ سکتی ہے، کاروبا ر کھولنے کیلئے ایس او پیز بنانا ہونگے: ناصر حسین شاہ
کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیر اطلاعات و بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ مزدور اور محنت کش طبقہ معاشرے میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، ملکی ترقی میں محنت کشوں کا اہم کردار ہے، پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ مزدوروں کے حقوق کے لئے آواز بلند کی ہے۔ ان خیالات کا اظہار ناصر حسین شاہ نے یوم مئی پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ وزیر اطلاعات سندھ کے مطابق جن معاشروں میں مزدوروں کو ان کے حقوق نہیں ملتے وہ معاشرے تنزلی کا شکار ہوجاتے ہیں۔ دین اسلام میں بھی ہاتھ سے کما کر کھانے والوں کو خصوصی مقام و مرتبہ عطا کیا گیا ہے۔ پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفیﷺ کی تعلیمات بھی ہمیں محنت کشوں کو ان کا حق ان کا پسینہ خشک ہونے سے پہلے ادا کرنے کی تلقین کرتی ہیں۔ ناصر حسین شاہ نے کہا کہ اشرافیہ اور مراعات یافتہ طبقے نے مزدور کی جو قدر کرنی چاہئے تھی وہ نہ کی، جس کی وجہ سے آج بھی محنت کش خط غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں۔ صوبائی وزیر کے مطابق پاکستان کے قیام کے بعد ملک کی تعمیر و ترقی کی خاطر جتنی قربانیاں محنت کشوں نے دی ہیں، اس کا شمار کرنا مشکل ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی شہید ذوالفقار علی بھٹو نے جب پارٹی کی بنیاد رکھی تو اس کے بنیادی منشور میں مزدوروں کے حقوق کا ذکر کیا۔جب تک ملک کے تمام محنت کشوں کو ان کے حقوق برابری اور مساوات کی بنیاد پر نہیں ملیں گے، ملک حقیقی معنوں میں ترقی کی شاہراہ پر گامزن نہیں ہوسکے گا۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد مزدوروں کو ان کا جائز حق بنا مانگیں دیں تاکہ ملک کی معیشت اور ترقی کا سرچشمہ کہلائے جانے والوں کے گھروں میں بھی خوشحالی اور ترقی نظر آسکے۔