دبئی : پی ٹی آئی کی طرف سے 2500 لوگوں میں راشن کی تقسیم

دبئی : پی ٹی آئی کی طرف سے 2500 لوگوں میں راشن کی تقسیم
دبئی : پی ٹی آئی کی طرف سے 2500 لوگوں میں راشن کی تقسیم

  

دبئی (طاہر منیر طاہر) کووڈ19 کی حالیہ وباءمیں لاک ڈاﺅن کے دوران گھروں میں محصور پاکستانیوں کو خشک راشن کی متواتر ترسیل کا کام پاکستان تحریک انصاف دبئی/یو اے ای اور پی ٹی آئی کی لیڈیز ونگ نے بخوبی انداز میں جاری رکھا۔ یو اے ای کی تین جڑواں ریاستوں دبئی، شارجہ اور عجمان میں انفرادی طور پر پاکستانیوں کو ان کے گھر کی دہلیز تک جا کر راشن پہنچایا گیا۔

راشن تقسیم کی ٹیم کے امجد اقبال امجد، چودھری جاوید اقبال، سید کلیم اللہ بخاری، فرزانہ چغتائی، یاسمین کنول اور صبیحہ صبا نے تمام تر پابندیوں کے باوجود ضرورتمند لوگوں کو راشن پہنچایا۔ ایک ٹیلی فون کال پر پی ٹی آئی کے متذکرہ راہنماﺅں نے بذات خود اپنی گاڑیوں میں جاکر ضرورتمندوں کو راشن پہنچایا اور لوگوں کی دعائیں لیں۔ پی ٹی آئی دبئی کے صدر چودھری جاوید اقبال اور جنرل سیکرٹری سید کلیم اللہ شاہ بخاری نے بتایا کہ راشن سپلائی کے کام کے سلسلہ میں ہم نے کسی سے چندہ کی اپیل نہیں کی بلکہ مخیر حضرات نے بذات خود ہی رابطہ کر کے راشن سپلائی کے کام کو آگے بڑھایا ہے۔

سید کلیم اللہ بخاری نے بتایا کہ ان کے ایک ساتھی عدنان مجید آج کل آسٹریلیا میں ہیں انہوں نے وہاں سے 1500 درہم لوگوں کی امدادکے لئے بھجوائے ہیں۔ اسی طرح بہت سے درد دل رکھنے والے مخیر حضرات ہمارے سنگ سنگ چل رہے ہیں جس سے خدمت خلق کا کام آگے بڑھ رہا ہے۔ خاص طور پر پی ٹی آئی کی نائب صدر فرزانہ چغتائی، جنرل سیکرٹری صبیحہ سیف اور انفارمیشن سیکرٹری یاسمین کنول جبکہ دوسری ریاستوں میں راشن سپلائی کے سلسلہ میں عزیز اللہ ملنگی اور ناصر خان کا کردار لائق تحسین ہے۔

پی ٹی آئی کے سینئر راہنما امجد اقبال امجد کا کہنا ہے کہ امارات بھر میں صرف پاکستان تحریک انصاف ہی لوگوں کے مشکل وقت میں ان کے ساتھ کھڑی ہے جبکہ دیگر سیاسی جماعتیں دور کھڑی صرف تماشہ دیکھ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی آخر دم تک اپنے لوگوں کے ساتھ رہے گی اور مشکل وقت میں ان کے کام آئے گی۔ پی ٹی آئی کے متذکرہ افراد نے واضح کیا ہے کہ لاک ڈاﺅن ختم ہونے پر اس کے بعد بھی وہ رمضان کے آخر تک راشن سپلائی کا سلسلہ جاری رہے گا۔

مزید :

عرب دنیا -تارکین پاکستان -