میکدے میں سوئے آدمی کا آئی فون چوری، 6 ماہ بعد لوکیشن مل گئی،کیسے ممکن ہوا؟
لندن (ڈیلی پاکستان آن لائن) برطانیہ سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کو چھ ماہ قبل میکدے میں چوری ہونے والا اپنے موبائل فون کی لوکیشن مل گئی۔
ڈیلی سٹار کے مطابق یہ شخص چھ ماہ قبل شیفلڈ کے ایک میکدے میں موجود تھا جہاں اس کا موبائل فون چوری ہوا۔ اب اس شخص نے ایک ٹویٹ میں بتایا کہ اس کے پاس آئی فون تھا جو " Find My app" کے ذریعے اس نے ٹریس کرلیا ہے۔ مذکورہ شخص نے اپنے فون کی لوکیشن بھی شیئر کی اور کہا کہ نشئیوں نے چھ ماہ پہلے اس وقت اس کا فون چرایا جب وہ میکدے میں سویا ہوا تھا، اب وقت آگیا ہے کہ وہ اپنا فون ان سے واپس حاصل کرے۔
بہت سے ٹوئٹر صارفین اس حوالے سے کافی دلچسپی دکھاتے ہوئے نظر آئے اور اس شخص سے پوچھتے رہے کہ کیا اسے اپنا فون واپس مل گیا ہے۔ ایک شخص نے لکھا کہ سکرولنگ کے دوران یہ پوسٹ ایسے ہی میرے سامنے آگئی لیکن اب میں اس سے جذباتی طور پر وابستہ ہوچکا ہوں، میں جاننا چاہتا ہوں کہ فون ملا یا نہیں۔