معاونِ خصوصی عبدالکریم تورڈھیر کا فاخاشولے انسٹی ٹیوٹ ہری پورکا دورہ
پشاور(سٹاف رپورٹر) پاک آسٹریا فاخاشولے انسٹی ٹیوٹ آف اپلائیڈ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (PAF-IAST) میں فائنل ایئر پراجیکٹس کی سالانہ نمائش 2025 کا انعقاد کیا گیا جس میں طلبہ کی جانب سے پیش کردہ منصوبوںکو نمائش کیلئے پیش کیا گیا اور ادارے کی صنعت کے ساتھ گہرے روابط کو اجاگر کیا گیا۔تقریب کے مہمان خصوصی وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت عبدالکریم تورڈھیر تھے جبکہ انسٹی ٹیوٹ کے ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر محمد مجاہد دیگر تدریسی عملہ اور طلبہ و طالبات کی کثیر تعداد اس موقع پر موجود تھی۔انسٹی ٹیوٹ کی نمائش حال ہی میں قائم کردہ C2 بلڈنگ اور اسپیشل ٹیکنالوجی زون سے منسلک ٹیکنالوجی پارک میں منعقد کی گئی جہاں طلبہ نے ایسے منصوبے پیش کیے جو مختلف مسائل کے حل صنعت سے رہنمائی اور عالمی علمی تعاون پر مبنی تھے۔فاخاشولے کا اسپیشل ٹیکنالوجی زون سے لیس ٹیکنالوجی پارک ملک بھر میں نئی کمپنیوں، اطلاقی تحقیق اور صنعتی ترقی کے فروغ کا ایک مرکز ہے جو پاکستان کے جدیدمنظرنامے کو مضبوط بنانے اور تعلیمی اداروں کو صنعت سے جوڑنے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کے دور ان انہوں نے یونیورسٹی کے تعلیمی اور تحقیقی معیار کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ مختلف شعبوں میں نہایت م_¶ثر کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے تعلیمی ادارے ہماری نوجوان نسل کی تخلیقی اور فنی صلاحیتوں کو جِلا بخشنے میں کلیدی حیثیت رکھتے ہیں۔معاونِ خصوصی نے طلباءکی جانب سے تیار کردہ منصوبوں کی نمائش میں خصوصی دلچسپی لی اور ہر سٹال پر جا کر طلباءسے ان کے پروجیکٹس کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے طلباءکے جذبے، تخلیقی صلاحیت اور محنت کو بے حد سراہا اور انہیں مستقبل میں بھی اسی لگن سے کام جاری رکھنے کی ترغیب دی۔ان کا یہ دورہ نہ صرف خیبر پختونخوا حکومت کی صنعت و تعلیم کے فروغ میں سنجیدگی کا مظہر ہے بلکہ بین الاقوامی اداروں کے ساتھ روابط کو مزید مضبوط بنانے کی ایک اہم کڑی بھی ثابت ہوگی۔