غیر ملکی سرمایہ کاری کے لئے وزیر اعلی ٰ کی کوششیں قابل ستائش ہیں،ناصر سعید
لاہور(وقائع نگار) ایف پی سی سی آئی کے ایگزیکٹو کمیٹی رکن اور لاہور چیمبر کی ایگزیکٹو کمیٹی کے سابق رکن ناصر سعید نے وزیراعلیٰ شہباز شریف کے حالیہ دورہ ترکی کو ہر حوالے سے کامیاب قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ عالمی سطح پر ملک کی ساکھ بہتر کرنے اور غیرملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب کی کوششیں قابلِ تعریف ہیں ایک بیان میں ناصر سعید نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے اپنا کردار ادا کریں تاکہ یہ اپنے چیلنجز بالخصوص شدت پسندی کے مسئلے سے نمٹ سکے انہوں نے کہا کہ غیرملکی سرمایہ کاری آنے سے صنعت سازی میں وسعت ہوگی، مشترکہ منصوبہ سازی کو فروغ حاصل ہونے سے ٹرانسفر آف ٹیکنالوجی میں مدد ملے گی، روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونگے اور خوشحالی آنے سے لوگ شدت پسندوں کے چنگل سے آزاد ہونگے ناصر سعید نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے دورہ ترکی سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید وسعت اختیار کریں گے جو پاکستانی معیشت کے لیے بہت اہم ہے کیونکہ ترکی یورپی مارکیٹ تک رسائی کا بہت اہم ذریعہ ہے انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے ترکی کی کمپنیوں کو پاکستان کے توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے جو توانائی کے بحران کو مدّنظر رکھتے ہوئے بہت اہم قدم ہے انہوں نے کہا کہ ترکی پہلے ہی پاکستان کی بہت مدد کررہا ہے اور اب تعاون کے نئے دروازے کھلنے سے پاکستان کو ترکی کے تجربہ اور مہارت سے بہت فائدہ ہوگا ناصر سعید نے کہا کہ تاجر برادری وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف کی کوششوں کو بہت قدر کی نگاہ سے دیکھتی اور توقع کرتی ہے کہ وہ نہ صرف صوبہ پنجاب بلکہ ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔