سنی اتحاد کونسل کے زیراہتمام ملک گیر ”اینٹی ڈرون ڈے“ منایا گیا

سنی اتحاد کونسل کے زیراہتمام ملک گیر ”اینٹی ڈرون ڈے“ منایا گیا

لاہور(سٹاف رپورٹر)چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا کی اپیل پر سنی اتحاد کونسل کے زیراہتمام ملک گیر ”اینٹی ڈرون ڈے“ منایا گیا اور علمائے اہلسنّت نے ڈرون حملوں کو خطباتِ جمعہ کا موضوع بنایا۔ اس سلسلہ میں ملک بھر میں نمازِ جمعہ کے اجتماعات میں ڈرون حملوں کے خلاف مذمتی قراردادیں بھی منظور کی گئیں اور ملک بھر میں نمازِ جمعہ کے لاکھوں نمازیوں نے ہاتھ کھڑے کر کے امریکہ سے ڈرون حملے بند کرنے کا مطالبہ کیا۔ اینٹی ڈرون ڈے کے موقع پر لاہور، کراچی، فیصل آباد، سمندری، کوئٹہ، ملتان اور خانیوال سمیت ملک کے مختلف شہروں میں نمازِ جمعہ کے بعد مساجد کے باہر پرامن علامتی مظاہرے بھی کیے گئے اور سنی اتحاد کونسل نے مساجد کے باہر کیمپ لگا کر ڈرون حملوں کے خلاف احتجاجی یادداشت پر لوگوں سے دستخط بھی کروائے۔ لاہور میں اچھرہ میں مفتی محمد کریم خان، علامہ مشتاق احمد نوری، شادباغ میں مفتی محمد حسیب قادری، گلبرگ میں مولانا قاری مختار احمد صدیقی، ٹاﺅن شپ میں حاجی رانا شرافت علی قادری اور سمن آباد میں راﺅ حسیب احمد کی قیادت میں ڈرون مخالف مظاہرے کیے گئے۔ اس سلسلہ میں سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے مرکزی سنی رضوی مسجد میں نماز جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکی حمایت سے اقتدار میں آنے والے ڈرون حملے بند نہیں کروا سکتے۔ امریکہ ڈرون حملوں کے ذریعے جنگی جرائم کا مرتکب ہو رہا ہے۔ سنی اتحاد کونسل کے سیکرٹری جنرل حاجی حنیف طیّب نے کراچی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈرون حملے عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ ہمارے حکمران ڈرون حملوں سے ہونے والی ہلاکتیں کم بتا کر امریکہ کو خوش کر رہے ہیں۔ ڈرون حملے بند نہ ہونے تک نیٹو سپلائی بند کر دی جائے۔ سنی اتحاد کونسل کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل طارق محبوب نے حیدرآباد میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈرون حملے انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزی ہیں۔ سنی اتحاد کونسل کے علماءبورڈ کے چیئرمین علامہ محمد شریف رضوی نے بھکر میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ ڈرون حملوں کا نوٹس لے۔ ڈرون حملوں پر عالمی برادری کی خاموشی افسوسناک ہے۔ سنی اتحاد کونسل پنجاب کے جنرل سیکرٹری مفتی محمد سعید رضوی نے سمندری میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مغرب ڈرون حملوں میں شہید ہونے والی ملالاﺅں کے حق میں بھی آواز اٹھائے۔ سنی اتحاد کونسل لاہور کے صدر مفتی محمد حسیب قادری نے المرکز الاسلامی شادباغ لاہور میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈرون حملوں کی اجازت دینے والے حکام کے خلاف کارروائی کی جائے اور موجودہ حکومت ڈرون حملوں پر ماضی میں امریکہ سے کیا گیا خفیہ معاہدہ ختم کرنے کا اعلان کرے۔ صاحبزادہ عمار سعید سلیمانی نے منڈی بہاﺅ الدین میں خطاب کرتے ہوئے کہاک کہ امریکہ سے ڈرون حملوں میں شہید ہونے والے سینکڑوں بے گناہ پاکستانیوں کے خون کا حساب مانگا جائے۔ ڈرون حملوں پر ایمنسٹی انٹرنیشنل کی رپورٹ امریکہ کے خلاف فردِ جرم ہے۔ اینٹی ڈرون ڈے کے موقع پر بوریوالہ میں پیر سیّد محمد اقبال شاہ، خانیوال میں شیخ محمد ذوالفقار رضوی، ملتان میں مولانا قاری فیض بخش رضوی، کوئٹہ میں پیر خالد سلطان قادری، گوجرانوالہ میں مولانا محمد اکبر نقشبندی، فیصل آباد میں ملک بخش الٰہی، صادق آباد میں میاں احسان الحق اسد، جڑانوالہ میں مفتی محمد یونس رضوی، چھانگا مانگا میں ارشد جاوید مصطفائی، میانوالی میں علامہ منظور عالم سیالوی، جھنگ میں مولانا فاروق سلطان قادری کی قیادت میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔

ینٹی ڈرون ڈے

مزید : صفحہ آخر