پاکستان کی طرف سے میرانشاہ ڈرون حملے کی شدید مذمت

پاکستان کی طرف سے میرانشاہ ڈرون حملے کی شدید مذمت

                    اسلام آباد (اے این این) پاکستان نے شمالی وزیرستان میں ڈرون حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے امریکہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ڈرون حملے فوری طور پر بند کئے جائیں‘ یہ حملے دونوں ملکوں کے تعلقات میں کشیدگی اور دہشت گردی میں اضافے کا باعث بن رہے ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ اعزاز احمد چودھری کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ میران شاہ میں ا مریکی ڈرون حملے میں بے گناہ انسانی جانوں کا ضیاع قابل مذمت ہے۔ حکومت پاکستان بارہا کہہ چکی ہے کہ ڈرون حملے بند کئے جائیں۔ پاکستان میں پوری قوم اس بات پر متفق ہے کہ ڈرون حملے بند ہونا چاہئیں۔ یہ حملے علاقائی خودمختاری‘ داخلی سلامتی اور عالمی قوانین کے منافی ہیں جو بے گناہ انسانی جانوں کے ضیاع کا باعث بن رہے ہیں۔ ان حملوں سے دہشت گردی کے خلاف جنگ پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں اور یہ حملے خطے میں امن و استحکام کی کوششوں کو بھی نقصان پہنچا رہے ہیں۔ ڈرون حملے پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات میں کشیدگی کا بھی باعث ہیں۔ ان حملوںسے دونوں ملکوں کی خطے میں امن و استحکام کے لئے کی جانے والی کوششوں کوبھی نقصان پہنچتا ہے۔

مزید : صفحہ اول