توانائی کا بحران ختم کیے بغیر زرعی اور صنعتی ترقی خواب پورا نہیں ہو سکتا

توانائی کا بحران ختم کیے بغیر زرعی اور صنعتی ترقی خواب پورا نہیں ہو سکتا ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

    لاہور(پ ر)وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ اگر برطانیہ پاکستان کو انرجی کے بحران سے نکالنے میں ہماری مدد کرنا چاہتا ہے تو اسے چاہیئے کہ وہ اپنے صنعتکاروں اور سرمایہ کاروں کو پاکستان میں بجلی کے پلانٹ لگانے کے لئے طویل المدت قرضے مہیا کرے۔وہ آج لندن میں پاک یو کے انرجی کانفرنس میں صدراتی خطاب کر رہے تھے۔ کانفرنس کا انعقاد وزارت خارجہ اور دولت مشترکہ کی تاریخی عمارت میں کیا گیا تھا اور اس میں برطانوی پارلیمنٹ کے اراکین‘ سفارتکاروں‘ اعلیٰ حکام اور ممتاز سرمایہ کاروں نے شرکت کی۔ کانفرنس سے وزیراعلیٰ پنجاب کے علاوہ وفاقی وزراءخواجہ محمد آصف اور اسحق ڈار نے بھی خطاب کیا۔ پنجاب کے وزیر توانائی چوہدری شیر علی بھی اس موقع پر موجود تھے ۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے انرجی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف نے 450 ارب کا گردشی قرضہ ادا کر کے ملک کو مستقل اندھیروں سے بچا لیا ہے۔ اسی طرح ہمارے پاس لوڈشیڈنگ سے نجات کے لئے کئی فارمولے اور منصوبے موجود ہیں جنہیں ہم تیزی سے بروئے کار لا رہے ہیں۔ میں اور میری ٹیم توانائی کے بحران کے حل میں دوستوں کا تعاون حاصل کرنے کے لئے مختلف ممالک کے دورے کر رہے ہیں۔ ہماری حکومت جانتی ہے کہ اگر توانائی کے بحران کا خاتمہ نہ ہوا تو پاکستان میں زرعی اور صنعتی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے کسی ملک سے امداد کی درخواست نہیں کی بلکہ ہرجگہ ہمارا ایک ہی مطالبہ تھا کہ پاکستان سے فنی تعاون کیا جائے اور یہاں سرمایہ کاری کی جائے۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرخزانہ اسحق ڈار نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت آنے کے بعد عالمی اداروں کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان کی پوزیشن نمایاں طور پر بہتر ہوئی ہے۔ وزیرتوانائی خواجہ محمد آصف نے کہا کہ انرجی کی پیداوار میں اضافے کے ساتھ ساتھ انرجی کی بچت بھی ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔ اجلاس سے برطانوی وزیر سعیدہ وارثی اور لارڈ سپیکر برائے تجارت لارڈ طارق احمد نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے توانائی کے شعبے میںوزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی مساعی کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے سیالکوٹ میں نوجوان کی ڈور پھرنے سے ہلاکت کا سخت نوٹس لیتے ہوئے مقامی انتظامیہ سے فوری طور پر رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ صوبہ بھر میں پتنگ بازی پر پابندی پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔ کمشنرز ، ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن افسران ، ریجنل اور ڈسٹرکٹ پولیس افسران اپنے اپنے علاقوں میں پتنگ بازوں کے خلاف موثر کارروائی کو یقینی بنائیں اور پتنگ بازی پر پابندی کے قانون پر سختی سے عملدرآمد کرائیں۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ انتظامیہ اور پولیس پتنگ بازی کو روکنے کے لئے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے سرانجام دے۔ صوبے میں اگر کہیں بھی ڈورپھرنے سے کوئی قیمتی جان ضائع ہوئی تو متعلقہ انتظامیہ جوابدہ ہوگی۔وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے نو منتخب عہدیداروں کو ان کے سالانہ انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی ہے اور امید ظاہر کی کہ وہ وکلاءبرادری کے مسائل کے حل اور بار کی بہتری کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے نو منتخب صدر کامران مرتضی، سیکرٹری آصف محمود چیمہ اور دیگر نو منتخب عہدیداروں کے نام اپنے تہنیتی پیغام میں کہا ہے کہ ملک میں جمہوری روایات کے فروغ اور آزاد عدلیہ کے قیام میں وکلاءبرادری نے جو تاریخی کردار ادا کیا ہے اسے کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ انہوںنے امید ظاہر کی کہ وکلاءبرادری کی نو منتخب قیادت وکلاءکی فلاح اور ان کے مسائل کے حل کے لئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی اور وکلاءکی توقعات اور امیدوں پر پورا اترے گی۔

شہباز شریف

مزید :

صفحہ اول -