سی پی این ای کے وفد کی کور کمانڈر کراچی سے ملاقات،صحافیوں کو درپیش سیکیورٹی مسائل، آزادی صحافت اور ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال

سی پی این ای کے وفد کی کور کمانڈر کراچی سے ملاقات،صحافیوں کو درپیش سیکیورٹی ...
سی پی این ای کے وفد کی کور کمانڈر کراچی سے ملاقات،صحافیوں کو درپیش سیکیورٹی مسائل، آزادی صحافت اور ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال

  

کراچی (پ ر) کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای ) کے سینئر اراکین پر مشتمل وفد نے سیکریٹری جنرل اعجازالحق کی سربراہی میں پیر کے روز کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار سے ملاقات کی، ملاقات کے دوران ملکی مجموعی حالات، بین الاقوامی سرحدوں پر کشیدہ صورتحال بالخصوص صحافیوں کو درپیش سیکیورٹی کے مسائل اور آزادی صحافت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سی پی این ای کے وفد نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک کے تمام اخبارات و جرائد ملکی سا لمیت پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ وفد نے آپریشن ضرب عضب میں پاک فوج کی قربانیوں اور کامیابیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ملک بھر میں بالخصوص کراچی میں امن و امان کی بحالی کو سراہا۔کور کمانڈر کراچی نے سی پی این ای مدیران کے وفد کو خوش آمدید کہتے ہوئے صحافیوں کو درپیش سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کی بھرپور یقین دہانی کراتے ہوئے تمام تفصیلات سے آگاہ کیا۔انہوں نے ملکی سرحدوں سمیت اندرونی و بیرونی خطرات کا منہ توڑ جواب دینے کا بھی عزم کیا۔ سی پی این ای کے وفد میں اعجازالحق، عامر محمود، وامق زبیری، ڈاکٹر جبار خٹک، اکرام سہگل، قاضی اسد عابد، غلام نبی چانڈیو، ڈاکٹر وقار یوسف عظیمی، سعید خاور، رفیق افغان اور عبدالخالق علی شامل تھے۔

مزید : کراچی