بجٹ 2016.17سگریٹ پر ٹیکس میں ششماہی اضافے سے قیمتیں مزید بڑھنے کا امکان

بجٹ 2016.17سگریٹ پر ٹیکس میں ششماہی اضافے سے قیمتیں مزید بڑھنے کا امکان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 لاہور(کامرس رپورٹر)وفاقی حکومت نے بجٹ2016-17 میں سگریٹ پر ٹیکس میں ششماہی اضافہ کے فیصلہ پر دوسری مرتبہ رواں سال دسمبر میں عملدرآمد کیا جائے گا جس سے سگریٹ کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔پہلی ششماہی کا اضافی ٹیکس جون2016 میں عائد کیا گیا تھا جو اعلیٰ درجے کی سگریٹ کیلئے 3,436 روپے فی ایک ہزار سگریٹ جبکہ دوسرے درجے کی سگریٹ کیلئے 1,534 روپے فی ایک ہزار سگریٹ تھا۔ذرائع کے مطابق اعلیٰ درجے کی سگریٹ کیلئے دسمبر2016 میں عائد کیے جانے والا دوسری ششماہی کا اضافی ٹیکس3,705روپے فی ایک ہزار سگریٹ جبکہ دوسرے درجے کی سگریٹ کیلئے 1,649 روپے فی ایک ہزار سگریٹ ہو گا۔ ٹیکس ماہر ین کاکہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے سگریٹ پر ٹیکس میں اس طرز کا معمولی ششماہی اضافہ ملک میں بڑھتے ہوئے غیر قانونی سگریٹ کے کاروبار کوروکنے کیلئے احسن اقدام ہے۔تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ غیر قانونی سگریٹ کے کاروبار کے بڑھتے ہوئے رجحان کوکم کرنے کیلئے جامع حکمتِ عملی اپنائی جائے۔اسحوالے سے تمباکو کی پیداوار،سگریٹ سازی، ڈسٹری بیوشن، ویئرہاؤسنگ اور پرچون فروشی کے حوالے سے موجودہ قوانین پر سختی سے عمل درآمد سے بھی ایسے کاروبار کی یقینی حوصلہ شکنی ہو گی۔تمباکو بل پر حال ہی میں منعقد ہونے والی سینٹ کی ذیلی کمیٹی کے اجلاس میں ملک میں غیر قانونی سگریٹوں اور اس کے کاروبار کی روک تھام کیلئے موجودہ قوانین پر سختی سے عمل درآمد اور مقامی ٹیکس اسٹیمپ کے نفاذ پر بھر پور زور دیا گیا۔ماہرین کے مطابق پاکستان میں حکومت کی اپنی سکیورٹی پرنٹنگ پریس کے ذریعے ٹیکس اسٹیمپ کا بہترین مقامی حل فراہم کیا جا سکتا ہے جو بلاشبہ ارزاں ، موثر اور باآسانی دستیاب ہو گا۔

مزید :

کامرس -