تاجر ملکی معیشت کو جام کرنے والوں کا ساتھ نہیں دینگے،شاہد نذیر

تاجر ملکی معیشت کو جام کرنے والوں کا ساتھ نہیں دینگے،شاہد نذیر

لاہور(کامرس رپورٹر)مسلم لیگ ن ٹریڈرز ونگ لاہور کے جنرل سیکرٹری شاہد نذیر نے کہا ہے کہ تاجر برادری ملکی معیشت کو جام کرنے والوں کا ساتھ نہیں دے گی ۔دھرنا ملکی مفاد میں نہیں بلکہ ناجائز ذرائع سے اقتدار حاصل کرنے کی ناکام کوشش ہے ملک اور شہروں کو بند کرنے کی باتیں کرنے والے کسی بھی صورت ملک و قوم کے خیر خواہ نہیں ہوسکتے آئے روز کے دھرنوں اور غیر جمہوری اقدامات سے ملکی معیشت کو اربوں روپے کا نقصان پہنچ رہا ہے ۔یہ نقصان قوم پر بھاری بوجھ ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ ن ٹریڈرز ونگ کے تاجروں کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ شاہد نذیر نے کہا کہ بعض سیاستدان محض اقتدار کے حصول کی خاطر عوام کو گمراہ کررہے ہیں اور انہیں سڑکوں پر لانے کی ناکام کوششوں میں مصروف ہیں انہوں نے کہا کہ انتشار پھیلانے والوں کو عوام کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں ۔ملک اور شہروں کو بند کرنے کی باتیں ملک دشمن ہی کرتے ہیں اس سے کاروبار متاثر ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پچھلے چند سالوں سے ملک میں جاری آئے روز کے دھرنوں اور احتجاجوں کی وجہ سے سب سے زیادہ نقصان تاجر برادری کو برداشت کرنا پڑرہا ہے جبکہ بعض مفاد پرست اور موقع شناس سیاستدان حصول اقتدار کی ہوس کی تکمیل کی خاطر ملک میں خانہ جنگی کا ماحول بنارہے ہیں جس سے ملک و قوم کی پوری دنیا میں جگ ہنسائی ہورہی ہے جبکہ غیر سیاسی صورتحال اور امن و عامہ کی خراب صورتحال کے باعث غیر ملکی سرمایہ کار ی کا عمل بھی بری طرح متاثر ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ عوام نے دھرنا سیاست مسترد کردی ہے اور تاجر و صنعتکار برادری حکومت کے ساتھ ہے اور ملکی معیشت کو مضبوط کرنے کے لیے حکومتی اقدامات کو سراہ رہی ہے۔

مزید : کامرس