چین پاکستان اکنامک کاریڈور ایک گیم چینجر منصوبہ ہے ،ناصر حمید

چین پاکستان اکنامک کاریڈور ایک گیم چینجر منصوبہ ہے ،ناصر حمید

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(کامرس رپورٹر)لاہور چیمبر کے صدر عبدالباسط اور نائب صدر محمد ناصر حمید خان نے کہا ہے کہ چین پاکستان اکنامک کاریڈور ایک گیم چینجر منصوبہ ہے جو آنے والی نسلوں کا مستقبل بھی سنوار دے گا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار 25 ممالک کے 44نمائندوں پر مشتمل بڑے وفد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفد کی سربراہی بریگیڈیئر حماد کررہے تھے۔ اس موقع پر چین پاکستان اکنامک کاریڈور ، کالاباغ ڈیم، علاقائی تجارت، توانائی، وومن ایمپاورمنٹ، اورنج ٹرین اور افریقی خطے کے ساتھ تجارت کے معاملات زیر بحث آئے۔ لاہور چیمبر کے سابق صدر سہیل لاشاری، ایگزیکٹو کمیٹی اراکین میاں زاہد جاوید، طاہر منظور چودھری، شاہد نذیر، معظم رشید، جاوید اقبال صدیقی اور سابق ایگزیکٹو کمیٹی رکن کمال محمود امجد میاں بھی اجلاس میں موجود تھے۔ لاہور چیمبر کے صدر عبدالباسط نے کہا کہ چین پاکستان اکنامک کاریڈور ون بیلٹ ون روڈ پلان ہے جو ایشیاء کے ساٹھ سے زائد ممالک کو زمینی اور سمندری ذرائع سے منسلک کرے گا، منصوبے کی تکمیل کے بعد ان ممالک کی باہمی تجارت کا حجم 2.5ٹریلین ڈالر تک پہنچ جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ گوادر بندرگاہ چین کے مغربی ریجن کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گی۔ انہو ں نے کہا کہ اس وقت پاور سیکٹر، روڈ اور ریلوے نیٹ ورک سمیت انفراسٹرکچر پر تیزی سے کام جاری ہے ، ان منصوبوں سے تجارت و سرمایہ کاری کو فروغ حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک بہترین اور صلاحیتوں سے مالامال قوم ہے جو ملک کی تقدیر بدلنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ لاہور چیمبر کے نائب صدر محمد ناصر حمید خان نے کہا کہ پائیدار معاشی ترقی کے لیے آمدن اور اخراجات کے درمیان عدم توازن اور برآمدات میں کمی جیسے مسائل پر تیزی سے قابو پانا ہوگا۔ انہوں نے وفد کو آگاہ کیا کہ لاہور چیمبر تجارتی معلومات کا تبادلہ یقینی بنانے کے لیے غیرملکی سفارتخانوں کے کمرشل سیکشنز سے مستقل رابطے میں رہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر اپنی سماجی ذمہ داریوں سے بھی بخوبی آگاہ ہے اور اس کی سرپرستی میں لاہور بزنسمین ایسوسی ایشن برائے بحالی معذوراں (لبارڈ) دکھی انسانیت کی خدمت میں مصروف عمل ہے۔ وفد کے سربراہ بریگیڈیئر حماد نے اپنے خطاب کے دوران ملک میں تجارتی و معاشی سرگرمیوں کے فروغ میں لاہور چیمبر کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری درست سمت میں قدم اٹھاکر ملک کی بہترین ساکھ اُجاگر کررہا ہے۔

مزید :

کامرس -