بین الاقوامی ماہرین پر مشتمل پینل کی چیئرمین واپڈا سے ملاقات کی

بین الاقوامی ماہرین پر مشتمل پینل کی چیئرمین واپڈا سے ملاقات کی

لاہور(کامرس رپورٹر)969میگاواٹ پیداواری صلاحیت کے حامل نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے 10 روزہ تفصیلی دورے کے بعد بین الاقوامی ماہرین پر مشتمل پینل نے چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل مزمل حسین(ریٹائرڈ)سے ملاقات کی اور اپنے دورے کے مشاہدات ، نتائج اور سفارشات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا ۔بین الاقوامی ماہرین کا یہ پینل عالمی طور پر معروف ڈاکٹر مارٹن وی لینڈ اور ڈاکٹر جوہان گولسر پر مشتمل ہے ۔نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی انتظامیہ بھی ملاقات کے دوران موجود تھی ۔بین الاقوامی ماہرین پر مشتمل پینل نے پراجیکٹ کی تمام سائٹس پر تعمیراتی پیش رفت کی تعریف کی اور کہا کہ تعمیراتی کام کی رفتار برقرار رہنی چاہیے۔

اُنہوں نے اِس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ اپریل 2016 ء میں اُنہوں نے اپنے گزشتہ دورے میں جو سفارشات پیش کی تھیں ، انہیں منصوبے کے ڈیزائن اور تعمیراتی کام میں شامل کر لیا گیا ہے ۔ منصوبے پر اب تک مکمل ہونے والے کنکریٹ کے کاموں کی تعریف کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ ڈائی ورشن ڈیم سائٹ پر مطلوبہ میٹریل کا معاملہ حل کرنے کے لئے جو کو شش کی گئی ہے ، وہ قابل تحسین ہے ۔

بین الاقوامی ماہرین نے دریائے جہلم کے نیچے ریور کراسنگ ایریا میں سٹیل لائننگ کے کام کی بھی تعریف کی اور کہا کہ مشکل کام ہونے کے باوجود اِس حوالے سے پیش رفت نہ صرف بہت اچھی ہے بلکہ شیڈول سے بھی آگے ہے۔

مزید : کامرس