اپوزیشن کی منفی سرگرمیوں سے سرمایہ کاروں کو نقصان پہنچ رہا ہے،پیاف

اپوزیشن کی منفی سرگرمیوں سے سرمایہ کاروں کو نقصان پہنچ رہا ہے،پیاف

لاہور(کامرس رپورٹر)پاکستان انڈسٹریل اینڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشنز فرنٹ (پیاف) نے کہا کہ اپوزیشن کی منفی سرگرمیوں سے تاجروں اورسرمایہ کاروں کو نقصان پہنچ رہا ہے ، دھرنا سیاست پاکستان کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ اور معاشی بدحالی کی طرف دھکیلنے کی سازش ہے ۔اپوزیشن کو پاکستان کی ترقی اور خوشحالی عزیز نہیں بلکہ وہ اقتدار کی جنگ میں ہر جائز ناجائز حربہ استعمال کررہے ہیں اسلام آباد بند کرنے کی دھمکیوں سے غیر ملکی سرمایہ کاری متاثر ہو رہی ہے ایسی کوششوں سے پاکستان کی سٹاک مارکیٹ بحران کا شکار ہوگئی ہے اور صنعتکاروں کے اربوں روپے ڈوب گئے ہیں ایسی صورتحال سے غیر ملکی سرمایہ کار خوفزدہ ہوکر پاکستان میں سرمایہ کاری سے گریز کر رہا ہے۔ اس لیے اپوزیشن حکومت کے خلاف منفی سرگرمیوں سے اجتناب برتے اور اسلام آپاد ہائی کورٹ کے عدالتی فیصلے کو تسلیم کرے اور عوام کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہ ڈالے ۔ چیئرمین عرفان اقبال شیخ نے گزشتہ روز سیئنر وائس چیئرمین تنویر احمد صوفی اور وائس چیئرمین خواجہ شاہ زیب کے ہمراہ ایک مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ محاز آرائی کی موجودہ صورتحال ملکی معیشت کے لئے نقصان دہ ہے۔ اس میں کوئی شبہ نہیں کہ احتجاج اپوزیشن کا جمہوری حق ہے لیکن وفاقی دارحکومت بند کرنے کا حق کسی کو بھی نہیں۔عالمی صورتحال اور لائن آف کنٹرول کے تناضر میں اپوزیشن جماعت کو جوش کی بجائے ہوش سے کام لینا چاہیے۔

اور ملکی مفاد کی خاطر دھرنا احتجاج جو مؤخر کر دیا جائے۔ عرفان اقبال شیخ نے کہا ہے کہ دھرنا سیاست ملکی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچانے کے مترادف ہے اپوزیشن کی منفی سرگرمیوں اور افواہوں کی بدولت سٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے اربوں روپے ڈوب گئے ہیں اور سٹاک ایکسچینج کے انڈکس میں 764پوائنٹس کی کمی ہوئی ۔سٹاک مارکیٹ میں سرمائے کا مجموعی حجم83کھرب سے گھٹ کر82کھرب روپے پر آگیا اور اس طرح صرف تین دنوں میں مارکیٹ کے سرمائے میں ایک کھرب75ارب سے زائد روپے کی کمی ہوئی۔

مزید : کامرس