دھرنے والوں کا اصل مقصد ملک کی ترقی روکنا ہے،ناصر سعید

دھرنے والوں کا اصل مقصد ملک کی ترقی روکنا ہے،ناصر سعید

لاہور(کامرس رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کے پولیٹیکل اسسٹنٹ اور ایوانِ صنعت و تجارت لاہور کے سابق وائس چیئرمین ناصر سعید نے کہا ہے کہ دھرنے دینے اور ملک میں انتشار پھیلانے والوں کا اصل مقصد ملک کی معاشی ترقی کو روکنا ہے۔ تاجر ہم آواز ہوکر ایسے اقدامات کی انتہائی سختی سے مذمت کرتے ہیں اور ایسی کسی بھی کوشش کو ہرگز کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ ناصر سعید نے کہا کہ جب بھی معیشت ترقی کرنے لگتی ہے اور اکنامک سگنلز اچھے حالات کی نشاندہی کرتے ہیں یہ لوگ دھرنوں اور احتجاج کی دھمکیاں دیکر ترقی کا عمل روکنے کی گھناؤنی سازش شروع کردیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک چائنا اکنامک کاریڈور منصوبہ دشمنوں کی آنکھوں میں بْری طرح کھٹک رہا ہے اور بدقسمتی سے پاکستان میں رہنے والے لوگ ہی دھرنوں کی آڑ میں اس منصوبے کے خلاف سازشیں کر کے دشمنوں کی خواہشیں پوری کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اور فوج کی زیر نگرانی پاک چائنا اکنامک کاریڈور منصوبہ ہر حال میں مکمل ہوگا اور ملک کو معاشی خوشحالی دے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کے خلاف سازشیں کرنے والے ملک کے مخلص نہیں ہیں اور تاجر انہیں سختی سے مسترد کرتے ہیں۔

مزید : کامرس