نیشنل سکیورٹی اینڈ وار کورس کے شرکاء کا واپڈا ہاؤس کا دورہ

نیشنل سکیورٹی اینڈ وار کورس کے شرکاء کا واپڈا ہاؤس کا دورہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(کامرس رپورٹر)نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد میں زیرتربیت نیشنل سکیورٹی اینڈ وار کورس کے شرکاء پر مشتمل وفد نے بریگیڈیئر حماد قادر کی سربراہی میں واپڈا ہاؤس کا دورہ کیا اور پانی اور بجلی کے شعبوں سے متعلق بریفنگ میں شرکت کی۔ ممبر(پاور) واپڈا بدرالمنیر مرتضیٰ اور واپڈا کے دیگر سینئر آفیسرز بھی اس موقع پر موجود تھے۔ایڈوائزر(دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ ) واپڈا ڈاکٹر اظہار الحق نے پانی اور پن بجلی جبکہ جنرل منیجر (ریونیو اینڈ کمرشل آپریشن) پیپکونے بجلی کے شعبے کے بارے میں بریفنگ دی۔وفد کو بتایا گیا کہ واپڈاملک میں پانی اور پن بجلی کے وسائل کو ترقی دینے کیلئے پرعزم ہے۔ اس وقت واپڈا پن بجلی کے 6مختلف منصوبے تعمیر کررہاہے، جن کی مجموعی پیداواری صلاحیت 4 ہزار 792 میگاواٹ ہے۔ ان منصوبوں میں 969 میگاواٹ کا نیلم جہلم، 1410 میگاواٹ کا تربیلا کا چوتھا توسیعی منصوبہ،106 میگاواٹ کا گولن گول، 128 میگاواٹ کا کیال خواڑ، 2160 میگاواٹ کا داسو(سٹیج I- ) اور 18.9 میگاواٹ کا کرم تنگی ڈیم (سٹیجI-)شامل ہیں ۔ان منصوبوں میں سے تین منصوبے جن کی پیداواری صلاحیت 2 ہزار 485 میگاواٹ ہے، 2018 ء میں مکمل ہوجائیں گے۔ بریفنگ کے دوران وفد کو پانی کے مختلف زیرتعمیر منصوبوں پر پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔ ان زیرتعمیر منصوبوں میں کچھی کینال(فیز I- )، نائے گاج ڈیم، رائٹ بنک آؤٹ فال ڈرین اور مظفرگڑھ اور تونسہ۔پنجند لنک نہروں کی پختگی شامل ہیں ۔ وفد کو بتایا گیا کہ پانی اور پن بجلی کے مزید سات منصوبے بھی تعمیراتی کام کے آغاز کیلئے دستیاب ہیں، ان منصوبوں میں دیامر بھاشا ڈیم، بونجی ہائیڈرو پاور پراجیکٹ اور مہمند ڈیم قابلِ ذکر ہیں ۔

مزید :

کامرس -