مستحق ہندؤ وں میں تحائف کی تقسیم کا مقصد دیوالی کی خوشیوں میں شریک کرنا ہے،احسان اللہ

مستحق ہندؤ وں میں تحائف کی تقسیم کا مقصد دیوالی کی خوشیوں میں شریک کرنا ...

لاہور(پ ر)الخدمت فاؤنڈیشن نے اخوت کے تعاون سے ہندؤ برادری کے مذہبی تہوار دیوالی کے موقع پر1 ہزارمستحق ہندو خاندانوں میں کپڑے ، لحاف اور تحائف تقسیم کے ساتھ ساتھ 21 مندروں میں واٹر چلرز اور ڈسپنسرز کی تقسیم کا کام بھی مکمل کر لیا۔دیوالی کے موقع پر الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے ضلع شکار پور میں سچو ست رام دھم مندر، ضلع کشمور میں گورودوارہ صاحب کندھ کوٹ ،ضلع گھوٹکی میں پنچائتی ہال مندر ڈہرکی ، شیوالین مندر پنوں عاقل ،ضلع سکھر میں سمادھا آشرم دھم شیوادھاری ،ضلع شکار پور میں سمادھا آشرم دھم اور ضلع جیکب آباد میں پنچائتی مندر اور دفتر جماعت اسلامی میں تحائف تقسیم کی خصوصی تقریبات اور ظہرانے و عشائیہ کا اہتمام کیا گیا ۔جس میں الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے سینئرنائب صدر سید احسان اللہ وقاص ، الخدمت اقلیتی امور کے منیجر ڈاکٹر شنکر لال اورالخدمت کے مقامی ذمہ داران سمیت ہندؤ اور سکھ برادری کے معززین نے بڑی تعدا میں شر کت کی۔ہندو خاندانوں میں دیوالی کے تحائف تقسیم کرتے ہوئے الخدمت فاؤنڈیشن کے سینئرنائب صدر سید احسان اللہ وقاص نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن ملک بھر میں بلا تفریق رنگ و نسل اور مذہب خدمات سر انجام دے رہی ہے ۔

خوشیاں منانا ہر انسان کا بنیادی حق ہے اور الخدمت فاؤنڈیشن اِسی ضرورت کے تحت اخوت کے تعاون سے ہر سال دیوالی کے موقع پر مستحق اور نادار ہندؤ خاندانوں میں تحائف کی تقسیم کا اہتمام کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں رہنے والے ہندؤ محب وطن ہیں اور ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔سید احسان اللہ وقاص نے بین المذاہب یکجہتی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں کسی بھی قسم کی مذہبی منافرت کی حوصلہ شکنی کرنی ہو گی اور روا داری کو فروغ دینا ہو گا تاکہ معاشرے میں امن قائم ہو سکے ۔اس موقع پرڈاکٹر شنکر لال سمیت دیگر اقلیتی رہنماؤں کی جانب سے الخدمت فاؤنڈیشن اور اخوت کو خراج تحسین پیش کیا گیا اور انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کے مذہبی تہواروں پر خصوصی تقریبات کے انعقاد سے ہمیں تحفظ کا احساس ہوا ہے اور ہمارے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔جس کے لئے ہم الخدمت فاؤنڈیشن اور اخوت کے شکر گزار ہیں۔

مزید : میٹروپولیٹن 4