تمباکو نوشی ایکٹ کی خلاف ورزی پر 223دکانیں سیل،55گرفتار،269افراد کو وارننگ

تمباکو نوشی ایکٹ کی خلاف ورزی پر 223دکانیں سیل،55گرفتار،269افراد کو وارننگ

لاہور( جنرل رپورٹر) ڈی سی او لاہور کیپٹن (ر)محمد عثمان نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ لاہور شہر بھر میں تمباکو نوشی ایکٹ پر سختی سے عملدرآمد کروا رہی ہے۔ڈی سی او لاہور نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ کی چھاپہ مار ٹیموں نے شہر بھر میں تمباکو نوشی ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بھر پور کارروائی کی ہے۔ انہوں نے بتایا ضلعی انتظامیہ کی چھا پہ مار ٹیموں نے کارروائی کر تے ہوئے سکول و کالجز سے 50میٹر تک کے فاصلہ اور 18سال سے کم عمر بچوں کو سگریٹ فروخت کر نے پر مجموعی طور پر 223دکانوں کو سیل کر دیا جبکہ 53 دکانداروں کے خلاف مقدمات درج کروائے گئے اور55افراد کو گرفتار بھی کروایا گیا۔ڈی سی او لاہور نے بتایا کہ چھاپہ مار ٹیموں نے شہرکے مختلف پبلک مقامات کے دورے کیے اور تمباکو نو شی ایکٹ پر عمل نہ کر نے والے 269 ہو ٹلوں اور دیگر مقامات کے مالکان کو وارننگ دی۔انہوں نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ کی ٹیموں نے تعلیمی اداروں کی 50میٹر حدودمیں موجود 122 سگریٹ کی دکانوں کو سیل کر کے 26دکانداروں کو حراست میں لے لیا ہے جبکہ 28دکانداروں کے خلاف مقدمات بھی درج کروا دئیے گئے۔ ڈی سی او لاہور نے بتایا کہ اسی طرح 18سال سے کم عمر بچوں کو سگریٹ فروخت کرنے پر 101دکانوں کو سیل کیاگیا اور 29دکانداروں کو حراست میں لینے کے علا وہ25افراد کے خلاف مقدمات بھی درج کروا دئیے گئے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ عوامی مقامات پر سگریٹ نوشی کرنے پر 269ہوٹلوں اور دیگر مقامات کے مالکان کو وارننگ بھی دی گئی۔ڈی سی او لاہور کیپٹن(ر)محمد عثمان نے کہا ہے کہ تمباکو نوشی ایکٹ پر مکمل عملدرآمد تک کریک ڈاؤن جا ری رہے گا۔ڈی سی او لاہور نے شہریو ں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اپنے اردگرد واقع سگریٹ فروخت کر نے والی دکانوں پر نظر رکھیں اور جہاں کہیں بھی 18سال سے کم عمر بچوں کوسگریٹ فروخت کیے جا رہے ہوں تو اُس کی فوری طور پر اطلاع متعلقہ ٹا ؤن انتظامیہ کو دیں تا کہ بروقت کارروائی عمل میں لا ئی جا سکے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1