کوئٹہ اور کراچی میں دہشتگردی قابل مذمت ہے،قاضی نیاز حسین

کوئٹہ اور کراچی میں دہشتگردی قابل مذمت ہے،قاضی نیاز حسین

لاہور (خبر نگار خصوصی)وفاق المدارس الشیعہ پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی صدر علامہ قاضی نیاز حسین نقوی نے دہشت گردی کی حالیہ لہر پر تشویش کا اظہا ر کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس کیڈٹ سکول کوئٹہ اور ناظم آباد کراچی میں مجلس عزا پر ہونے والی دہشت گردی قابل مذمت اور واقعات کا رونماہونا سکیورٹی اداروں کی کارکردگی پر سوال ہے۔میڈیا سے گفتگو میں علامہ نیاز نقوی نے کہا کہ کوئٹہ ، کراچی اور دیگر شہروں میں اسی انداز کے کئی واقعات پہلے بھی متعدد بار ہوچکے ہیں، اس کے باوجود سکیورٹی کے ضروری انتظامات کا نہ ہوناانتظامیہ کی واضح کوتاہی اور ناقابل برداشت غفلت ہے ،جس کی وجہ سے قیمتی جانوں کا نقصان ہوا۔اس غفلت کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جانی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ فرقہ وارانہ واقعات اور سکیورٹی اداروں پر حملوں کے واقعات میں کمی واقع ہوئی ہے، لیکن حکومت سنجیدہ ہو تودہشت گردی ختم ہو سکتی ہے۔ خفیہ ایجنسیوں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے کہ دونوں واقعات کی ذمہ داری ایک ہی تکفیری دہشت گردگروہ نے قبول کی ہے۔ مگر ابھی تک تحقیقات سامنے لائی جاسکی ہیں اور نہ ہی کوئی مجرم پکڑا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے ان واقعات سے ایک بار پھر واضح ہوگیا ہے کہ ملک میں مسئلہ فرقہ واریت کا نہیں، دہشت گردی کا ہے۔ محرم الحرام میں اطمینان بخش سیکورٹی انتظامات پر انہوں نے وفاقی و صوبائی حکومتوں کا شکریہ اداکیا اور امید ظاہر کی چہلم تک کے پروگراموں کے لئے بھی بہتر انتظامات کئے جائیں گے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1