بین الاقوامی ماہرین کی چیئرمین واپڈا سے ملاقات ، نیلم جہلم منصوبے کا دورہ

بین الاقوامی ماہرین کی چیئرمین واپڈا سے ملاقات ، نیلم جہلم منصوبے کا دورہ

لاہور(پ ر)969میگاواٹ پیداواری صلاحیت کے حامل نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے 10 روزہ تفصیلی دورے کے بعد بین الاقوامی ماہرین پر مشتمل پینل نے چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل مزمل حسین(ریٹائرڈ)سے ملاقات کی اور اپنے دورے کے مشاہدات ، نتائج اور سفارشات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا ۔بین الاقوامی ماہرین کا یہ پینل عالمی طور پر معروف ڈاکٹر مارٹن وی لینڈ اور ڈاکٹر جوہان گولسر پر مشتمل ہے ۔نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی انتظامیہ بھی ملاقات کے دوران موجود تھی ۔بین الاقوامی ماہرین پر مشتمل پینل نے پراجیکٹ کی تمام سائٹس پر تعمیراتی پیش رفت کی تعریف کی اور کہا کہ تعمیراتی کام کی رفتار برقرار رہنی چاہیے۔ اُنہوں نے اِس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ اپریل 2016 ء میں اُنہوں نے اپنے گزشتہ دورے میں جو سفارشات پیش کی تھیں ، انہیں منصوبے کے ڈیزائن اور تعمیراتی کام میں شامل کر لیا گیا ہے ۔ منصوبے پر اب تک مکمل ہونے والے کنکریٹ کے کاموں کی تعریف کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ ڈائی ورشن ڈیم سائٹ پر مطلوبہ میٹریل کا معاملہ حل کرنے کے لئے جو کو شش کی گئی ہے ، وہ قابل تحسین ہے ۔ بین الاقوامی ماہرین نے دریائے جہلم کے نیچے ریور کراسنگ ایریا میں سٹیل لائننگ کے کام کی بھی تعریف کی اور کہا کہ مشکل کام ہونے کے باوجود اِس حوالے سے پیش رفت نہ صرف بہت اچھی ہے بلکہ شیڈول سے بھی آگے ہے۔منصوبے کی تمام سائٹس پر تعمیراتی کام کی مطلوبہ رفتار جاری رکھنے کے حوالے سے بین الاقوامی ماہرین نے کنٹریکٹرز کی جانب سے اضافی وسائل بہم پہنچانے کے لئے سفارشات پیش کیں ۔ اُنہوں نے تجویز کیا کہ منصوبے کا کنسلٹنٹ کنکریٹ لائننگ اور دیگر تعمیراتی کاموں کے لئے مانیٹرنگ کی مختلف تکنیکیں بروئے کار لائے۔یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ بین الاقوامی ماہرین پر مشتمل پینل نے 21 سے 31 اکتوبر تک نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا تفصیلی دورہ کیا ۔ بین الاقوامی ماہرین کی جانب سے یہ اِس منصوبے کا 15 واں دورہ تھا ۔ ڈاکٹر مارٹن وی لینڈ ہائیڈرالک اور دیگر تعمیراتی ڈھانچوں اور آرسی سی کاموں کے ماہر ہیں ، جبکہ ڈاکٹر جوہان گولسر زیرِ زمین تعمیراتی کاموں میں مہارت رکھتے ہیں ، جن میں ڈرل اینڈ بلاسٹ کے روایتی طریقے سے سرنگوں کی کھدائی ، ٹنل بورنگ مشین کی مدد سے سرنگوں کی کھدائی اور راک سپورٹ وغیرہ شامل ہیں ۔

مزید : علاقائی