شیشہ مارکیٹ کی ٹوٹی سڑکیں، ناقص سیوریج اور تجاوزات کی بھر مار، کاروباری سر گر میاں ماند پڑ گئیں

شیشہ مارکیٹ کی ٹوٹی سڑکیں، ناقص سیوریج اور تجاوزات کی بھر مار، کاروباری سر ...

لاہور( اسد اقبال۔تصاویر عمر شر یف )صو بائی دارالحکومت میں واقع پنجاب کی سب سے بڑی شیشہ مارکیٹ ضلعی حکومت کی عدم تو جہی کے باعث مسائل سے دوچار ہے جہاں پر ٹوٹ پھوٹ کا شکار روڈز اور گٹروں سے ابلتا بد بو دارپانی دکانداروں سمیت گزرنے والوں کے لیے اذیت کا باعث بن چکا ہے دوسری جانب تاجروں کی جانب سے قائم تجاوزات اور لوڈر گاڑیوں کا بغیر سٹینڈ کھڑے ہو نے سے ٹریفک کا جام رہنا ہر وقت کا معمول ٹھہر چکا ہے علاوہ ازیں اورنج ٹر ین لائن کی تعمیر میں تاخیر اوراڑنے والی دھول نے جہاں شہریوں کو مختلف امراض میں مبتلا کر دیا ہے وہیں شیشہ مارکیٹ کوپر ر وڈ پر کاروباری سر گر میاں بھی مانڈ پڑ چکی ہیں ۔گزشتہ روز روزنامہ پاکستان کی جانب سے پنجاب کی سب سے بڑی شیشہ مارکیٹ کوپر روڈ کا سروے کیا گیا جہاں پر تھوک و پرچون کی سطح پر لوکل ایمپورٹڈ شیشہ کی مختلف ورائٹی باآسانی میسر ہے اور پنجاب بھر سے تھوک کی سطح پر روزانہ سینکڑوں بیو پاری مارکیٹ کا رخ کر تے ہیں ۔شیشہ مارکیٹ کوپر روڈ میں دکانداروں کو سب سے زیادہ مسئلہ ٹریفک جام کا ہے کیونکہ کوپر روڈ سے ملحقہ بیڈن روڈ مارکیٹ ، الیکٹریکل مارکیٹ ، رائل پارک اور کوپر روڈ کالج ہونے کے باعث ٹریفک کا ایک بڑا بہاؤ شیشہ مارکیٹ سے گزرتا ہے، گٹروں کا پانی ابلنے سے گڑھوں سے چار سو تعفن پھیلا ہوا ہے جبکہ دکانداروں نے بھی بہتی گنگا میں ہاتھ دھوتے ہوئے اپنی دکانوں کے آگے تجاوزات ، کاؤنٹرز اور کٹر مشینیں لگا رکھی ہے جس سے ٹریفک بلا ک ہو جاتی ہے ۔مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ داتا گنج بخش ٹاؤ ن کے اہلکار کو پر روڈ پر واقع درجنوں دکانوں سے تجاوزات کے عوض ماہانہ بھتہ لیتے ہیں جس کے باعث مارکیٹ میں ٹاؤن کی جانب سے آپریشن نہیں کیا جاتا ہے ۔پاکستان سے گفتگو کر تے ہوئے شیشہ مارکیٹ کوپر روڈ کے تاجر رہنماء محمو د الحسن، علی کاظمی ، ندیم مغل ، آفتاب بیگ ، محمد سہیل ، محمد نعیم ، جواد علی ، دانیال اور اسرار احمد نے کہا کہ شیشہ مارکیٹ کوپر روڈ لوکل و ایمپورٹڈ گلاس کی ورائٹی کے حوالے سے معروف ہے جہاں پر بڑی تعداد میں تھوک کی سطح پر بیوپاری رخ کر تے ہیں تاہم میٹرو اورنج ٹر ین کی تعمیر ہونے اور ملکی سیاسی صورتحال ابتر ہونے کے باعث کاروباری سر گر میاں ماند پڑ چکی ہیں ایک سوال کے جواب میں انھوں نے بتایا کہ شیشہ کی قیمت میں گزشتہ ایک سال کے دوران پچاس فیصد تک اضافہ ہوا ہے ۔جس سے بھی کاروبار پر منفی اثرات مر تب ہوئے ہیں ۔ شیشہ مارکیٹ کوپر روڈ کے تاجروں نے ڈی سی او لاہور سے مطالبہ کیا ہے کہ تجاوزات کے خاتمہ سمیت کوپر روڈ کی تعمیر کے لیے خصوصی اقدامات اٹھائیں۔

مزید : میٹروپولیٹن 1