فرانزک سائنس لیبارٹری کے موثر انداز میں کام کرنے سے میرٹ کو فروغ ملے گا :چیئرمین نیب

فرانزک سائنس لیبارٹری کے موثر انداز میں کام کرنے سے میرٹ کو فروغ ملے گا ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد (اے پی پی) چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری نے کہا ہے کہ فرانزک لیبارٹری کے مؤثر انداز میں کام کرنے سے تفتیشی افسران کو بدعنوانی کے مختلف بڑے پیمانے کے مقدمات اور شکایتوں کی تصدیق، تحقیق اور تفتیش کو میرٹ اور شفافیت پر مبنی بنانے میں مدد ملی ہے، آسٹریلین فیڈرل پولیس کی جانب سے جدید آلات کی فراہمی سے نیب کی فرانزک سائنس لیبارٹری کی استعداد میں مزید اضافہ ہو گا اور مستقبل کی ضروریات اور چیلنجز سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیب کو آسٹریلین فیڈرل پولیس کی جانب سے جدید آلات حوالے کرنے کے موقع پر کیا۔ آسٹریلین فیڈرل پولیس کے سینئر آفیسر فلپ ہنٹر کی قیادت میں وفد نے چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری سے نیب ہیڈ کوارٹر میں ملاقات کی۔ اس موقع پر نیب کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیب پاکستان کا انسداد بدعنوانی کا اعلیٰ ادارہ ہے، نیب نے اپنی فورنزک سائنس لیبارٹری قائم کی ہے جومعاشرے سے بدعنوانی کی لعنت کے خاتمہ کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے نیب کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کرنے کے مقاصد کیلئے فعال کر دی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ فورنزک لیبارٹری کے مؤثر انداز میں کام کرنے سے تفتیشی افسران کو بدعنوانی کے مختلف بڑے پیمانے کے مقدمات اور شکایتوں کی تصدیق، تحقیق اور تفتیش کو میرٹ اور شفافیت پر مبنی بنانے میں مدد ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب کی لیبارٹری ڈیجیٹل فورنزک، فنگر پرنٹ فورنزک اور سوالیہ دستاویزات کی سہولیات سے لیس ہے۔ فورنزک سائنس لیبارٹری کے قیام سے موبائل فون ، کمپیوٹرز ، آئی پیڈز اور نیٹ ورکس جیسے برقی آلات سے دستاویزات کے حصول اور ہاتھ سے لکھی تحریروں اور ٹائپ کردہ اور شائع شدہ دستاویزات کو محفوظ کر کے جعلسازی کوپکڑنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم فورنزک لیبارٹری کے قیام کیلئے آسٹریلین فیڈرل پولیس کے تعاون کو سراہتے ہیں۔ آسٹریلین فیڈرل پولیس کی جانب سے جدید آلات کی فراہمی سے نیب کی فورنزک سائنس لیبارٹری کی استعداد میں مزید اضافہ ہو گا اور مستقبل کی ضروریات اور چیلنجز سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔

مزید :

علاقائی -