ہیپا ٹا ئٹس کی روک تھام، ٹرک ڈرائیورز اور کلینرز کی رجسٹریشن، بلڈ سکر یننگ اور علاج کی مہم شروع

ہیپا ٹا ئٹس کی روک تھام، ٹرک ڈرائیورز اور کلینرز کی رجسٹریشن، بلڈ سکر یننگ ...

لاہور(جنرل رپورٹر)مشیر وزیر اعلی پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ وزیر اعلی محمد شہباز شریف کی ہدایت پر بیماریوں کی روک تھام کے لئے محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ نے ایک انقلابی اقدام ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اٹھایا ہے اور ہیپا ٹائٹس بی، سی ، ایڈز ، سفلس اور دیگر امراض کی تشخیص کے لئے ٹرک ڈرائیورز اور کلینرز کی رجسٹریشن ،بلڈ سکریننگ اور علاج کی مہم لاہور سے شروع کر دی گئی ہے ۔ انہوں نے یہ بات بابو صابو ٹرک اڈا بند روڈ پرٹرک ڈرائیورز اور کلینرز کی بائیو میٹرک رجسٹریشن اور بلڈ سکریننگ کے پراجیکٹ کا افتتاح کرتے ہوئے کہی ۔ اس موقع پر پنجاب ایڈز کنٹرول پروگرام کے پراجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر عدنان ظفر ، ٹرک ڈرائیورز ایسوسی ایشن کے صدر چوہدری ذوالفقار ، محکمہ صحت کے افسران اور ڈرائیورز کی ایک کثیر تعداد موجود تھی ۔خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ ٹرک ڈرائیورز معاشی اور تجارتی سرگرمیاں جاری رکھنے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں اور ایک ذمہ دار اور دیانت دار شخص کی طرح لاکھوں روپے کا مال بحفاظت ایک جگہ سے دوسری جگہ پہنچاتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس صنعت سے وابستہ افراد کا صحت مند ہونا ضروری ہے ۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ حکومت بیماریوں کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے ’’ پرہیز علاج سے بہتر ہے ‘‘ کے نعرہ کو مقبول کرنا چاہتی ہے جس کے تحت یہ پراجیکٹ شروع کیا گیا ہے ۔پراجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر عدنان ظفر نے بتایا کہ بابو صابو ٹرک اڈا سے کام کا آغاز کیا گیا ہے یہاں مستقل بنیادوں پر محکمہ صحت کی ٹیم موجود رہے گی جو ٹرک ڈرائیورز اور کلینرز کی رضاکارانہ طو رپر بائیو میٹرک رجسٹریشن کے ساتھ موقع پر خون کا نمونہ حاصل کرے گی جس سے ایک ڈیٹا بیس تیار ہو گا ۔ انہوں نے بتایا کہ موقع پر ہیپا ٹائٹس بی کا ٹیسٹ کیا جائے گا اور جس شخص کی رپورٹ کلیئر آئی اسے ہیپا ٹائٹس بی کی ویکسئین فوری طور پر لگائی جائے گی تاکہ اسے بیماری سے تحفظ حاصل ہو سکے ۔ مزید برآں دیگر بیماریوں کی ٹیسٹ رپورٹ چند دن بعد ملے گی جسے خفیہ رکھا جائے گا اگر کسی ڈرائیور یا کلینر کے بلڈ ٹیسٹ میں کسی بیماری کی تصدیق ہوئی تو اس کا علاج بھی مفت کیا جائے گا ۔ ڈاکٹر عدنان ظفر کا کہنا تھا کہ اس پروگرام کا دائرہ کار دیگر شہروں تک آہستہ آہستہ بڑھایا جائے گا اور ڈیڑھ لاکھ افراد کے ٹیسٹ کئے جائیں گے ۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ پروگرام کو کامیاب بنانے کے لئے کمیونٹی کا تعاون ناگزیر ہے ۔ انہوں نے ٹرک ڈرائیور ز ایسوسی ایشن کے صدر چوہدری ذوالفقار اور دیگر عہدیداروں کا تعاون فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا ۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ یہ اقدام معاشرے سے مہلک بیماریوں کا خاتمہ کر کے ایک صحت مند معاشرہ تشکیل دینا ہے ۔

B

مزید : میٹروپولیٹن 1