حکومت نے ڈینگی لاروا کنٹرول کر کے تاریخ رقم کی،شہر یار سلطان

حکومت نے ڈینگی لاروا کنٹرول کر کے تاریخ رقم کی،شہر یار سلطان

لاہور ( اپنے خبر نگار سے) صوبائی سیکرٹری کو آپریٹو شہر یار سلطان نے ٹاؤ ن ایڈمنسٹریشن اقبال ٹاؤن میں انسداد ڈینگی کے حوالے سے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے بہترین حکمت عملی سے لاہور و دیگر مقامات پر ڈینگی لاروے کو کنٹرول کر کے نئی تاریخ رقم کی ہے۔ بدلتے موسم میں ڈینگی لاروے کی افزائش کو کنٹرول کر نے کے لئے تیز تر اقدامات عمل میں لانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔صفائی نصف ایمان کو موٹو بنائے بغیراصل مقاصد حاصل کرنا نا گزیرہے۔ صوبے میں جس انداز اور حکمت عملی سے ڈینگی لاروے کو کنٹرول کیا اس پر دنیا بھر کے ماہرین بھی حیر ت ز دہ ہیں۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر علی شہزاد کے علاوہ محکمہ صحت،ایل ڈبلیو ایم سی، پی ایچ اے، زراعت ،آئی ٹی اور سپیشل برانچ کے نمائندگان کے علاوہ یونین کونسلوں کے سیکر ٹریز بھی موجود تھے۔سیکرٹر ی کو آپریٹو نے کہا کہ تمام یونین کونسلوں کے سیکرٹریز کسی بھی مقام پرجمع ہونے والے گندے پانی کے نکاسی کے لئے تمام انتظامات پر عمل در آمد کو یقینی بنائیں۔تاکہ ڈینگی لاروا کی افزائش نہ ہو پائے۔انہوں نے تمام محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ اگر کسی بھی محکمہ کی طرف سے کوتاہی پائی گئی تو اس کے خلاف محکمہ کو سخت کاروائی کے لئے ہدایت کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ تمام کو آپریٹو و پرائیویٹ ہاؤسنگ سو سائٹیوں کا اینٹی ڈینگی انتظامات کے سلسلہ میں معائنہ کر کے رپورٹ پیش کی جائے۔ اسسٹنٹ کمشنر علی شہزاد نے کہا کہ ا قبال ٹاؤن کی 19یونین کونسلوں میں 5955انڈور سپاٹس اور 658 کنٹینرز کو چیک کیا گیاجبکہ آؤٹ ڈور 14642 مقامات اور1400کنٹینرز کوبھی چیک کیا گیا۔54 مقامات پر ایڈیس لاروا پایا گیا جس کو فوری تلف کر دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ٹاؤن بھر میں صفائی کے انتظامات کو فوقیت دی جا رہی ہے تاکہ ڈینگی لاروا کی افزائش کو کنٹرول کیا جا سکے ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1