فٹنس اورکارکردگی میں بتدریج بہتری آرہی ہے ،محمدعامر

فٹنس اورکارکردگی میں بتدریج بہتری آرہی ہے ،محمدعامر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


دبئی (این این آئی)پاکستانی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عامر نے کہا ہے کہ وقت کے ساتھ ساتھ ان کی فٹنس اور ردھم میں بہتری آتی جارہی ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد عامر نے کہا کہ کسی بھی کرکٹر خاص طور پر فاسٹ بولر کیلئے پانچ سال کے وقفے کے بعد ٹیسٹ کرکٹ کھیلنا آسان نہیں ہوتا لیکن جیسے جیسے وہ کرکٹ کھیلتے جارہے ہیں ان کی فٹنس بھی بہتر ہورہی ہے اور ردھم بھی واپس آرہا ہے۔محمد عامر نے کہا کہ پانچ سال پہلے والی پوزیشن اور پرفارمنس تک پہنچنے میں وقت لگتا ہے ۔ یہ سب کچھ ایک دن میں نہیں ہوجاتا اس کیلئے وہ سخت محنت کررہے ہیں اور کوشش کررہے ہیں کہ کارکردگی میں بہتری آتی رہے۔محمد عامر سے جب پوچھا گیا کہ پانچ سال کے طویل وقفے کے بعد دوبارہ بولنگ کرتے ہوئے انھیں اپنی سوئنگ میں کیا فرق محسوس ہوا ہے ؟ جس پر انہوں نے کہاکہ انگلینڈ کے دورے میں انھیں کچھ مشکل ہوئی تھی تاہم اب کچھ شکل بننا شروع ہوگئی ہے ا سکی وجہ یہ ہے کہ وہ انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کے بعد زیادہ تر محدود اوورز کی کرکٹ کھیل رہے تھے جس میں وہ مختلف زاویے سے بولنگ کررہے تھے تاہم اب انھوں نے اپنے زاویے پر کام کیا ۔محمد عامر سے جب ان کے غیرمعمولی کیچ کے بارے میں پوچھا گیا تو انھوں نے اس کا سہرا پاکستانی ٹیم کے فیلڈنگ کوچ اسٹیو رکسن کے سر باندھتے ہوئے کہا کہ وہ کھلاڑیوں کی فیلڈنگ پر سخت محنت کررہے ہیں اس کے علاوہ انھیں یہ بھی اندازہ تھا کہ ڈیرن براوو کی وکٹ پاکستان کے لیے کتنی اہم ہے لہذا انھوں نے اس کیچ کیلئے ڈائیو لگائی اور وہ اس کوشش میں کامیاب رہے۔ابوظہبی ٹیسٹ آرام کی غرض سے نہ کھلائے جانے کے بارے میں محمد عامر نے کہا کہ یہ فیصلہ متفقہ تھا چونکہ وہ مسلسل کھیلتے چلے آرہے تھے لہذا انھیں آرام کی ضرورت تھی اس سے یہ بھی فائدہ ہوا کہ ٹیم نے اپنے دوسرے بولرز کو بھی موقع دیا کیونکہ نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے دورے سے قبل انھیں بھی دیکھنا ضروری تھا۔