متعدد وارداتوں میں ملوث یو سی موٹر سائیکل چور گینگ کا سرغنہ ساتھی سمیت گرفتار

متعدد وارداتوں میں ملوث یو سی موٹر سائیکل چور گینگ کا سرغنہ ساتھی سمیت ...

لاہور(کرائم رپورٹر) سی آئی اے اقبال ٹاؤن پولیس نے موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں ملوث یوسی موٹر سائیکل چور گینگ کے سرغنہ کو ساتھی سمیت گرفتار کر کے ملزمان سے لاکھوں روپے مالیت کی مسروقہ 16موٹر سائیکلیں اورماسٹر کیز برآمد کی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق شہر میں موٹر سائیکل چھیننے اور چوری کی وارداتوں کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) محمد امین وینس نے ایس پی سی آئی اے راجہ بشارت محمود کو ان وارداتوں میں ملوث گروہوں کو گرفتار کرنے کا ٹارگٹ دیا۔ ڈی ایس پی سی آئی اے اقبال ٹاؤن میاں شفقت رشید کی سربراہی میں سب انسپکٹر لیاقت علی اور دیگر اہلکاروں پر مشتمل پولیس ٹیم نے مختلف معلومات اور خفیہ ذرائع سے اکھٹی کی گئی اطلاعات کی روشنی میں موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں ملوث یوسی موٹر سائیکل چور گینگ کے سرغنہ یوسف علی عرف یوسی اور اس کے ساتھی علی نواز کو گرفتار کر کے ان سے لاکھوں روپے مالیت کی چوری گئی 16موٹر سائیکلیں اور ماسٹر کیزبرآمدکرلیں۔ دوران تفتیش ملزموں نے تھانہ اقبال ٹاؤن، گلشن راوی، فیصل ٹاؤن، لٹن روڈ، سبزہ زار، ٹاؤن شپ، شفیق آباد، لیاقت آباد اور شیرا کوٹ کے علاقوں میں موٹر سائیکل چوری کی درجنوں مزیدوارداتوں کا انکشاف کیاہے۔ ملزمان اپنے طریقہ واردات میں گلیوں، مارکیٹوں اور پارکنگ اسٹینڈز کے باہر کھڑی موٹر سائیکلوں کو ماسٹر کیز کے ذریعے کھول کر فرار ہو جاتے تھے اور ان کے پرزے پرزے کر کے کباڑ مارکیٹ میں اُونے پونے داموں فروخت کر دیتے تھے ۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ ملزمان ریکارڈ یافتہ ہیں اور اس سے قبل بھی موٹر سائیکل چوری کے متعدد مقدمات میں جیل جا چکے ہیں جو رہا ہوتے ہی دوبارہ وارداتیں شروع کر دیتے تھے۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سلطان چوہدری نے موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں ملوث گروہ کی گرفتاری پر پولیس ٹیم کے لئے تعریفی اسناد کا اعلان کیا ہے۔

مزید : علاقائی