انٹر ڈویژنل کرکٹ چیمپئن شپ،پی آر ایس بی الیون فائنل میں پہنچ گئی

انٹر ڈویژنل کرکٹ چیمپئن شپ،پی آر ایس بی الیون فائنل میں پہنچ گئی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (سپورٹس رپورٹر)پاکستان ریلوے سپورٹس بورڈ کے زیر اہتمام انٹر ڈویژنل کرکٹ چیمپئن شپ کا دوسرا سیمی فائنل پی آر ایس بی الیون اور پشاور ڈویژن کے درمیان ریلوے اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔ جو کہ پی آر ایس بی الیون نے 202 رنز سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ پی آر ایس بی کے کپتان سلمان علی نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 6 کھلاڑیوں کے نقصان پر 380 رنز بنائے۔ کپتان سلمان علی نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے گراؤنڈ کے چاروں اطراف آزادانہ سٹروک کا استعمال کیا۔ 12 چوکوں اور 1 چھکے کی مدد سے 121 رنز ناٹ آؤٹ بنائے۔ عاصم علی ناصر84، محمد محسن 73، کاشف صدیق 39 اور حیدر رمیض نے 25 رنز بنائے۔ پشاور ڈویژن کی طرف سے فوادملک نے 2/38، نیاز محمد 1/78، فخر عالم 1/47 اور محمد زبیر نے 1/29 وکٹ حاصل کیں۔ جواب میں پشاور ڈویژن 28 اوورز میں تمام کھلاڑیوں کے نقصان پر 178 رنز بنا پائی۔ سلمان آفریدی نے 50 وقاص 46 اور جنید اختر نے 42 رنز ناٹ آؤٹ بنائے۔ پی آر ایس بی الیون کی طرف سے حافظ سلیمان نے 3/34، نعیم احمد 3/54، کاشف صدیق2/39 اور عمیر خان نے 1/31 وکٹ حاصل کیں۔ جاوید اشرف، عرفان دلشاد امپائر جبکہ خالد وحید سکورر تھے۔ فائنل میچ پی آر ایس بی الیون اور لاہور ڈویژن کے درمیان بروز بدھ 2 نومبر کو ریلوے اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ جس کے مہمانِ خصوصی نائب صدر ریلوے سپورٹس بورڈ پروفیسر ڈاکٹر فرحان عبادت یار خان ہونگے جو کہ جیتنے والی ٹیم کو ونر ٹرافی دیں گے۔